• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت کی واضح ہدایت کے باوجود کے الیکٹرک نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا، فالٹس کے نام پر غیراعلانیہ بجلی بند رہنے کا سلسلہ جاری رہا، شدید گرمی کے باعث لوگوں کی خوشیاں متاثر ہوئیں۔متعدد علاقوں میں چاند رات، عید اور اس کے دوسرے روز کئی کئی گھنٹے لگاتار بجلی بند رہنے سے شہریوں کو عید کی خوشیاں منا نے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ عید کے پہلے روز نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، کورنگی نمبر5، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹائون، قائدآباد سمیت متعدد علاقوں میں لگاتار کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز سے وجوہات جاننا چاہی تو عملہ اسے محض تکنیکی خرابیاں قرار دیتا رہا جبکہ اصل میں دانستہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی اور پورے پورے علاقے اور آبادیوں میں بجلی بند رکھی گئی۔ عید کے دوسرے روز ملیر، کھوکھراپار، ماڈل کالونی، ناظم آباد، گلستان جوہر، پاک کالونی، کیماڑی، کورنگی، لانڈھی، ابراہیم حیدری اور دیگر علاقوں سے بجلی بند رہی۔ اسی طرح عید کے تیسرے روز بدھ کو دن اور رات میں بجلی بند رہنے کی بھی اطلاعات ملیں شہریوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کے اس واضح اعلان کہ عیدالفطر کی چھٹیوں میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے لیکن کراچی میں فالٹس کے نام پر غیراعلانیہ بجلی بند رہنے کا سلسلہ جاری رہا جس سے شدید گرم موسم میں لوگوں کی خوشیاں متاثر ہوئیں۔

تازہ ترین