• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آندھی اور موسلادھار بارش، کرنٹ لگنے سے بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جمعرات کو آندھی اور موسلادھار بارش ہوئی،بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بچے سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے، کراچی میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش سے سڑکیں ندی نالوں میں بدل گئیں برساتی نالے ابل پڑے اور قریب آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا مختلف سڑکوں پر بارش کا پانی کئی فٹ جمع ہونے سے گاڑیاں ڈوب گئیں اور شہریوں کو اپنے گھروں کو پہنچنے  میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کی تقریبا تمام شاہراہوں پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک جام ہوگیا جبکہ بیشتر مقامات پر لوگوں کی گاڑیاں خراب ہوگئیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔رات گئے ہونے والی بارش سے شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ،شاہراہ پاکستان، یونیورسٹی روڈ، شیر شاہ سوری روڈ، کورنگی روڈ سمیت دیگر اہم سڑکیںپانی میں ڈوب گئیں، جبکہ شہر کے تمام انڈر پاسز کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کیلئے بند ہوگئے، شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود قلندریہ چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے 18سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جس کی لاش کو عباسی اسپتال پہنچایا گیا ۔فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ۔

لیاقت آباد پی ایریا میں کرنٹ لگنے سے15سالہ احسن جاں بحق ہو گیا۔ عزیز آباد کے علاقے  حسین آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی فوری طور پر شناخت عمل میں نہیں آسکی۔اورنگی ٹاؤن چشتی نگر میں کرنٹ لگنے سے17سالہ دانیال ولد شوکت جاں بحق ہو گیا۔شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی شناخت نہیں ہو سکی۔

پاپوش نگر میں کرنٹ لگنے سے8 سالہ بچہ  سلمان بیہو ش ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا ۔ واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں نے کے الیکٹر ک انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ کل سے بارش ہورہی ہے اور مختلف جگہوں پر بجلی کے وائر گر ے ہوئے ہیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں جمعہ اور ہفتے کے روز موسم ابرآلود رہے گا اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش بھی ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ نارتھ کراچی میں 14.5، اور ناظم آباد میں 11 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 19.6ملی میٹر، ایئرپورٹ پر25.8 ،صدر 9.2،فیصل بیس پر 17، لانڈھی میں 15.5 ملی میٹر،گلشن حدید میں 30 ملی میٹر ،پی اے ایف فیصل بیس میں 17ملی میٹراورگلستان جوہر اور اس کے اطراف میںسب سے زیادہ 32ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،شہر میں شام کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90  رہا۔

تازہ ترین