• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی اور سربراہ میونسپل سروسز بیرون ملک، عملہ ریلیف فراہم نہ کر سکا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی اور میونسپل سروسز کے سربراہ بیرون ملک ہونے کے باعث کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کا عملہ ریلیف فراہم نہ کرسکا، بدھ کو کراچی میں شروع ہونے والی بارش کا پانی کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ صاف نہ کرسکے تھے کہ جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد صورتحال کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے قابو سے باہر ہوگئی رات گئے تک مختلف چورنگیوں اور شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع تھا، نارتھ ناظم آباد میں ناگن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، کے ڈی اے چورنگی اور اندرون گلیوں میں بعض مقامات پر پانی جمع ہونے سےشہریوں  کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا رہا، ڈیڑھ سا ل قبل فائیو اسٹار چورنگی کے توڑے جانے والے سروس روڈ کی حالت بہت زیادہ خراب ہے کراچی ایڈمن سوسائٹی میں بعض گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے یہاں کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ملیر چشمہ گوٹھ میں دو سو گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ملی، فیڈرل بی ایریا عزیز آباد بلاک2، 8، 9 اور دہلی کالج کے قریب سڑکوں پر پانی جمع اور کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں ناظم آباد اور لیاقت آباد انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے سارا دن گاڑیاں گزرنے میں مشکلات رہیں متعدد گاڑیاں پانی کی باعث خراب اور بند ہوتی رہیں، دونوں انڈر پاسز کے پمپ خراب ہونے کے باعث ان میں پانی جمع ہوا، شہر کی دیگر متعدد آبادیوں کی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا سیوریج اور بارش کا پانی ملنے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش کے نتیجے میں پانی ضرور سڑکوں پر جمع رہتا ہے تاہم متعلقہ ادارے اگر کوشش کرتے تو اس کی نکاسی بھی ساتھ ساتھ ہوتی رہتی لیکن ایسا کچھ بھی دیکھنے میں نہ آیا خاص کر ڈی ایم سی وسطی میں صورتحال زیادہ خراب دیکھنے میں آئی۔ کے ڈی اے نے بھی ریلیف سینٹر قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن  اس کا عملہ بھی کہیں کام کرتا دکھائی نہ دیا، واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر 24جون سے بیرون ملک ہیں، کے ایم سی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ ماسکو میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لئے گئے ہیں اور واپسی 3جولائی کو متوقع ہے اسی طرح بارشوں کے دوران کے ایم سی کے سب  سے زیادہ جس ادارے کی ذمہ داری ہوتی ہے ،میونسپل سروسز کے سینئر ڈائریکٹر مسعود عالم بھی ان دنوں چھٹیوں پر بیرون ملک ہیں۔ میکنیکل اینڈ الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ کے چیف انجینئر کے چھٹیوں پر ہونے کے باعث چارج سپرنٹنڈنگ انجینئر انیس قائم خانی کے پاس  ہےاعلیٰ حکام کے شہر میں نہ ہونے سے بھی کے ایم سی کی کارکردگی پر اثر پڑا ہے اور بارش سے پیدا ہونیوالے مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ چھ روز سے شہر میں صفائی اور کچرا اٹھانے کا کام بھی عملاً بندہے۔ کراچی کے متعدد برساتی نالے کچرے اور مٹی سے بھر چکے ہیں اور بعض مقامات پر برساتی پانی کا فلو متاثر ہورہا ہے اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا تو برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جو قریبی آبادیوں کو متاثر کرے گا۔

تازہ ترین