• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب ملک نے ورلڈکپ 2019 کھیلنے اور جیتنے کی خواہش کردی

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) سپر اسٹار شعیب ملک نے کرکٹ کیریئر کو اپنی کارکردگی سے مشروط کردیا۔ وہ  کہتے ہیں کہ2019کے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور 2020 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں گا۔ ایک اور ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں اور خواہش ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ جتوائوں اور دنیا کا پہلا کھلاڑی بن جائوں جو تین آئی سی سی ایونٹ جیتنے والی ٹیم میں شامل ہو۔35سالہ آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے کیریئر کے اہداف طے کر لئے ہیں۔ تاہم اگر کسی موقع پر مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میری کارکردگی متاثر ہورہی ہے اور میں ٹیم پر بوجھ ہوں تو میں ٹیم پر بوجھ بننے سے پہلے ریٹائرمنٹ کا ترجیح دوں گا۔وہ جمعرات کو سیالکوٹ سے جنگ کو انٹر ویو دے رہے تھے۔شعیب ملک پاکستان کی جانب سے35ٹیسٹ کھیلنے کے بعد نومبر2015میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔شعیب ملک پاکستان کی جانب سے252 ون ڈے انٹر نیشنل اور 86 ٹی 20 انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی جیت میرے کیریئر کے یاد گار لمحات ہیں جنہیں میں فراموش نہیں کرسکتا۔میں خوش قسمت ہوں کہ میں2009میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئینٹی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھا۔کیریئر کو سوچ سمجھ کر آگے بڑھا رہا ہوں۔انگلینڈ میں ورلڈ کپ اور آسٹریلیا میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئینٹی کھیل کر اپنے طویل کیئر یئر کو خیر باد کہنا چاہتا ہوں۔لیکن جب بھی میری فارم اور فٹنس خراب ہوئی ریٹائر لے لوں گا۔اس وقت ہمارے کپتان سرفراز احمد نوجوان ہیں پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔میں ٹیم میں سب سے سنیئر ہوں۔اس لئے میں کوشش کرتا ہوں کہ کپتان اور کوچ مجھے جو ٹارگٹ دیں میں اسے پورا کروں۔ سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے زیادہ سے زیادہ ذمے داری لینا چاہتا ہوں۔میرے کیئر یئر کے آخری چند سال میری کارکردگی سے مشروط ہوں گے۔شعیب ملک نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فاتح پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھا۔ ایجبسٹن میں بھارت کے ہاتھوں پہلے میچ میں شکست کے بعد پلیئرز میٹنگ میں جذباتی تقریر کرتے ہوئے پلیئرز کو پرفارم کرنے پر ابھارا تھا مجھے خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے میری بات سنی اور ہم نے جلد اپنی کارکردگی  میں بہتری پیدا کی اور  سب کو حیران کردیا۔ فائنل میں بھارت کو ہرانے کے بعد کئی پلیئرز نے شعیب ملک کی اس تقریر کو باعث تحریک قرار دیا تھا۔ شعیب ملک نے کہا کہ بعض سابق کھلاڑی اسی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں کہ پاکستان ٹیم کو گرائیں لیکن ٹیم نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کو جواب دیا ہے۔

تازہ ترین