• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کا فائدہ ہوا ، جلد سندھ سپرلیگ کرائیں گے، صوبائی وزیرکھیل

سکھر (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے چمپئن ٹرافی جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ٹیم کے کپتان کا سندھ سے تعلق صوبے میں کرکٹ کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پی سی بی صوبے کے دیگر شہروں کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرے۔ سندھ حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے ۔ وہ سکھر میں 1755 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیرات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پلیئرز کو مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائدہ ہوا ہے، جلد سندھ لیگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پورے صوبے کے شہروں کی ٹیموں کا بلایا جائے گا۔ ہاکی، اسکواش، والی بال، فٹ بال ، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مثبت فروغ کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا ۔سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ موسم کی خرابی کے نتیجے میں سندھ گیمز ملتوی کیے گئے ہیں ، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس سکھرمیں کرکٹ، ہاکی، اسکواش، فٹبال اور دیگر میدانوں کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات بین الاقوامی معیار کے مطابق اور بروقت کام اچھی روایت کی بنیاد ڈالے گی ۔ کمپلیکس کا کام 60 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام کی رفتار و معیار کی نگرانی محکمہ کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوانوں کو آگے لانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔

تازہ ترین