• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنفیڈریشنز کپ فٹ بال، چلی کے گول کیپر دیوار بن گئے، پرتگال کو حیران کن شکست

ماسکو (نیوز ایجنسیز) کنفیڈریشن فٹ بال کپ کے سیمی فائنل میں پرتگال کو چلی کے ہاتھوں تین صفر سے شکست ہوگئی، سنسنی خیز میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا۔سنسنی خیز میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کا جادو بھی نہ چل سکا ۔کنفیڈریشن کپ کے سیمی فائنل میں مقابلہ یورپی چیمپئن پرتگال اور کوپا امریکا چیمپئن چلی کے درمیان تھا، دونوں ٹیموں نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز سے کیا اور ایک دوسرے کے گول پر سرتوڑ حملے کیے، مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گیند کو گول کی راہ نہ دکھاسکی۔ پنالٹی شوٹ آئوٹ میں چلی کا پلڑا بھاری رہا، گول کیپر کلاڈیو براوو نے چلی کو پرتگال کے خلاف تین صفر سے کامیابی دلادی۔گول کیپر کلاڈیو براوو نے کمال مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کیا، ان کی بے مثال کارکردگی کی بدولت دنیا کے بہترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ کلاڈیو نے فیصلہ مرحلے میں مسلسل تین پینالٹیز روک کر دنیا کو حیران کردیا۔ پرتگال کی جانب سے ابتدائی تین پینالٹی ککس بالترتیب رکارڈو کواریزما، جوآئو موٹینہو اور نینی نے لگائی لیکن براوو ان کے سامنے دیوار بن گئے، ایک بار بھی گیند جال میں نہ پہنچ پائی۔ دوسری جانب چلی نے تینوں پینالٹیز پر گول اسکور کرکے فتح یقینی بنالی۔ رونالڈو جو عموماً آخری پینلٹی کک لگاتے ہیں، انہیں میچ کا فیصلہ ہوجانے کے سبب موقع ہی نہیں ملا۔ تاریخی فتح کے ساتھ ہی چلی میں جشن کا آغاز ہوگیا، دارلحکومت سنتیاگو میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ دوسری جانب پرتگال ٹیم نے کپتان اور ریال میڈرڈ کے فاروڈر نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ٹیم کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے اہم اسپورٹنگ مقصد کو حاصل نہیں کر سکے۔مگر مجھے یقین ہے کہ ہم پرتگالی قوم کو ہمیشہ خوشیاں دیتے رہیں گے۔  چلی کی اس جیت کے بعد پرتگال کنفیڈریشنز کپ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ۔ 

تازہ ترین