• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشوریا رائے بچن نئی فلم میں گلیمرس گلوکارہ کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی

ممبئی ( جنگ ڈیسک) ایشوریا رائے بچن آخری بار کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل میں ایک شاعرہ کے روپ نظر آئی تھیں،اب اداکارہ کے مداح انہیں ایک گلیمرس اندازمیں دیکھنے کیلئے تیار ہوجائیں، ایشوریا رائے بچن اب فینی خان کی نئی فلم میں ایک گلوکارہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔فلم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کری ارج انٹرٹینمنٹ کی پریرینا اروڑا نے کہا کہ ایشوریا رائے بچن نہایت عمدہ اور بہت ہی باصلاحیت ہیں،فینی خان کی فلم میں وہ اپنے ماضی کے کرداروں کے مقابلے میں ایک بالکل مختلف روپ میں جلوہ گر ہوں گی۔وہ پرکشش، دل موہ لینے والی ممتاز خاتون کے روپ میں اسکرین پر اپنی موجودگی سے آپ کے چہروں پر مسکراہٹ لے آئیں گی۔ایشوریا رائے بچن کے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے پریرنا اروڑا نے کہا کہ ابھی تو وہ نہیں گا رہیں مگر ہاں وہ ایک گلوکارہ کا کردار ضرور فلم میں ادا کررہی ہیں، تاہم حقیقت میں ہمیں اس لمحے کا انتظار ہے جب وہ گانے کا فیصلہ کریں گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فینی خان کی فلم کے مرکزی کردار انیل کپور ایک یا دو نہیں بلکہ میوزیکل ڈرامہ فلم کیلئے متعدد گانے گائیں گے۔فلم کی ٹیم آئندہ ماہ ممبئی میں سیٹ تیار کرنا شروع کردے گی اور انیل کپور اگست کے پہلے ہفتے میں فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے، جبکہ ایشوریا رائے اگست کے آخر میں شوٹنگ میں شامل ہوجائیں گی اور اکتوبر تک فلم مکمل ہوجائے گی۔ایشوریا رائے اور انیل کپور نے اس سے قبل سبھاش گھئی کی فلم تال اور 2000 میں ہمارا دل آپ کے پاس ہے میں ساتھ کام کیا تھا۔ کیا آج بھی وہ وہی جادو اسکرین پر دکھا پائیں گے؟؟۔اس کا جواب فلم دیکھنے بعد ہی مل سکے گا۔دریں اثناء انیل کپور اس وقت اپنی فلم مبارکاں کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں ارجن کپور،الیانا ڈی کروز اور اتھیہ شیٹھی بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں۔

تازہ ترین