• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمال اور جنوب کے پختونوں پر مشتمل الگ صو بہ بنایا جائے،قومی وطن پارٹی

چارسدہ(نمائندہ جنگ ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین و سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی سکندر حیات خان شیر پاؤ نے مطالبہ کیا ہے کہ دھرنا دینے والے دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے مطالبات مان  لئے جائیں، مالی امداد کے حوالے سے پنجابی اور پختون متاثرین میں امتیاز برتنا قابل افسوس امر ہے ، وفاق کے اس سلوک کی وجہ سے آج ہم اس بات پر مجبور ہیں کہ شمال اور جنوب کے پختونوں کو متحد کر کے ایک بڑا صوبہ بنایا جائے تاکہ پختون قوم مؤثر طریقے اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا پنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر عیسیٰ خان ، جاوید خان، تحسین اللہ ، شعیب خان ، احد خان اور شیراز خان سمیت درجنو ں افراد نے اپنے خاندانوں سمیت اے این پی اور جمعیت علماء اسلام (ف) سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کی،قومی وطن پارٹی کے رہنماء مفتی افتحار، شمشاد خان اور مراد خان بھی موجود تھے،سکندر شیر پاؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بہاولپور واقعے میں متاثر ہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں اور انکے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ عید سے کچھ دن قبل دہشت گردی کے شکار خاندانوں کی حالت بھی قابل رحم وافسوس ہے ، دونوں ایک ہی ملک کے باشندے ہیں لیکن مالی امداد کے حوالے سے پنجابی اور پختون میں امتیاز برتنا بے انصافی اور قابل مذمت امر ہے ۔، سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ بڑے پختون خوا کیلئے پہلا قدم فاٹا کا پختون خوا میں ادغام تھا لیکن کمیٹی کی سفارشات کے باوجود فاٹا اصلاحات کا امکان معدوم ہوتا جا رہا ہے، فاٹا  کےپختون خوا میں ضم ہونے کیلئے ضروری قانون سازی اور آئین میں تبدیلی کی ضرورت ہے جس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

تازہ ترین