• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے، نصر اﷲ خان

اسلام آباد (اے پی پی) سنگا پور میں پاکستان کے ہائی کمشنر نصر اﷲ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے، مڈل کلاس، شہری آبادی اور بین الاقوامی کمپنیوں میں بھی تیزی سے اضافہ جاری ہے، پاکستان جلد بین الاقوامی کاروبار کا اہم مرکز بن جائے گا۔ یہ بات انہوں نے سنگا پور کی کمپنیوں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کرنے کی غرض سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام پاکستانی ہائی کمیشن نے سنگاپور بزنس فیڈریشن کے تعاون سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان کی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان متوسط آمدن والا ملک بن جائے گا۔ نصراﷲ خان نے ملکی اسٹریٹیجک لوکیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیاءکا اہم تجارتی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کوریڈور کی اہمیت کا حامل ملک ہے، موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے بجٹ خسارہ کم ہوا، غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے جبکہ توانائی سبسڈیز پر اخراجات میں بھی کمی آئی۔ ہائی کمشنر نے سیمینار کے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران پاکستان کی شرح نمو عالمی بینک کے ہدف5.2 فیصد سے بھی بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی کوریڈور سے ملک میں بڑے پیمانے پر اقتصادی سرگرمیاں متوقع ہیں جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور نجی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں سنگاپور کی کمپنیوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین