• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برہان وانی ڈے پر منعقد کی جانے والی ریلی کو کامیاب بنایا جائے، فہیم کیانی

برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ8جولائی کو برہان وانی کی شہادت پر پوری دنیا میں برہان وانی ڈے منایا جارہا ہے۔ اس روز برمنگھم سٹی سینٹر برمنگھم کونسل ہائوس کے سامنے کشمیر ریلی منعقد کرنے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد پرامن ہے، بھارت کی دہشت گردی نے ہر کشمیری کو برہان وانی بنادیا ہے بھارت فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتا کشمیری ریلی سے ممبران پارلیمنٹ بھی خطاب کریں گے اور بھارت کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ بھارت نہ صرف خطے، بلکہ دنیا کے امن کیلئے بھی شدید خطرہ ہے اور بھارت جیسے ملک کو اسلحہ فروخت نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ برمنگھم سپارک ہل برانچ کے زیراہتمام 8جولائی کو برہان وانی ڈے منعقد ہونے کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ برمنگھم برانچ کے صدر شاہنواز حیدر ایڈووکیٹ نے کی۔ جامع مسجد ووڈ لینڈ کے خطیب اور پاکستان رابطہ کونسل کے وائس چیئرمین علامہ قاضی ساجد ظفر نے کہا کہ کشمیر ریلی میں جتنی بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ تمام مساجد میں اس طرح کے مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں۔ پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مختلف ممالک کے دورے کرکے دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔ 8جولائی کی کشمیر ریلی میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو سیاسی اور جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر شرکت کرنی چاہیے۔ پیغام اسلام ٹرسٹ کے خطیب مولانا محمد سجاد نے کہا کہ تمام مساجد سے عوام کو قافلوں کی شکل میں نکلنا چاہیے۔ کشمیر میں جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں، تحریک کشمیر برمنگھم برانچ کے صدر شاہنواز حیدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ8جولائی کی کشمیر ریلی میں شرکت کرنی چاہیے، ہر گھر سے اپنی اپنی گاڑی کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس کا اختتام مولانا عبدالسلام راشدی کی دعا پر ہوا۔

تازہ ترین