• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

س۔ میں نے 92%مارکس میں پری انجینئرنگ پارٹ ون مکمل کیا ہے۔ میں بزنس اسٹڈیز میں دلچسپی رکھتا ہوں لیکن میرے والدین میرے اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں اور میں آپ کی رائے جانناچاہتا ہوں مجھے بتائیں کہ CAکا کیا اسکوپ ہے؟اورکیا مجھے یہ کرنا چاہئے یا نہیں؟ (نثار۔لاہور)
ج۔آپ نے پارٹ ون میں بہت اچھے گریڈ حاصل کئے ہیں اور امید ہے کہ پارٹ ٹو میں بھی اچھا گریڈ حاصل کریں گے۔ میری رائے ہے کہ آپ سائنس مضامین کو ترجیح دیں البتہ آپ اگر بزنس کے مضامین کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو یہ بھی بہتر ہے۔ CAپروفیشنل کوالیفکیشن ہے لیکن اس کو مکمل کرنے کیلئے آپ کو چھ سے سات سال پڑھائی کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اگر آپ پروفیشنل اکائونٹنٹ کی حیثیت سے اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو سنجیدگی اور بہت محنت درکار ہوگی۔
س۔سر میں نے BDS، 2010میں مکمل کیا ہے اور اب میں ایم فل کرنا چاہتی ہوں اور اس کے لئے میں نے بائیو ٹیکنالوجی کی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کیا ہے۔مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ کیا مجھے ایم فل کرنا چاہئے یا مجھے اپنے کیریئر کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کرنا چاہئے فی الحال میں ایک پرائیویٹ یونیورسٹی میں لیکچرار کے طور پر کام کر رہی ہوں۔براہِ مہربانی میری رہنمائی فرمائیں۔ (زاہد نوید۔کراچی)
ج۔BDSایک منظور شدہ ڈگری ہے اور یہ کرنے کے بعد آپ کو 18سالہ تعلیمی قابلیت ملتی ہے۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنے شہر میں موجود گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں چیک کریں کہ کیا وہ آپ کو ایم فل بائیو کیمسٹری میں کروا سکتے ہیں۔ اگر ہاں تو آپ ایم فل کا انتخاب کریں اور کوشش کریں کہ آپ کو ڈینٹل ہائی جین یا ڈینٹل بائیو کیمسٹری میں ریسرچ کے مواقع ملیں۔کیونکہ ان ایریاز میں ریسرچ اور کیریئر کے حوالے سے بہترین مواقع موجود ہیں۔
س۔میری بیٹی نے میٹرک کمپیوٹر سائنس میں مکمل کیا ہے اور وہ فیشن اور بیوٹیشن کے کورس کی طرف مائل ہے۔ لیکن میں چاہتا ہوں کہ وہ کمپیوٹر سائنس اور بزنس کی تعلیم حاصل کرے۔ اس کے مطابق میری رہنمائی کریں۔ (فیاض ،جدہ)
ج۔اس میں کوئی حرج نہیں ہے کہ اگر آپ کی بیٹی فیشن اور بیوٹیشن کے کورسز میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ ان تمام مضامین میں آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں۔ لیکن میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنی بیٹی سے بات کریں اور اسے اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ ایف ایس سی میں کمپیوٹر سائنس کے مضامین کا انتخاب کرے۔ کیونکہ آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت کام ہورہا ہے اور اگر اس کی دلچسپی کمپیوٹر سائنس میں بڑھتی ہے تو وہ اپنی پروفیشنل لائف میں اس فیلڈ میں کیریئر کا انتخاب کرسکتی ہے۔
س۔میں نے ایف ایس سی 93%اور میٹرک 88%کے ساتھ مکمل کیا ہے اورمیرا سوال یہ ہے کہ کیا مجھے اپنی انجینئرنگ کو جاری رکھنا چاہئے ؟ جو کہ پاکستانی طلبہ کیلئے بہتر ہے اور مہربانی کرکے مجھے مشورہ دیں کہ کونسی انجینئرنگ کی فیلڈ کا اسکوپ پاکستان میں بہتر ہے؟ (مظہر۔کراچی)
ج۔آپ کے تعلیمی گریڈ سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے ۔ کہ آپ کی سائنس مضامین پر بھرپور گرفت ہے اور آپ اپنے پروفیشنل کیریئر کیلئے کسی بھی انجینئرنگ کی فیلڈ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ بائیو میڈیکل،ٹیلی کمیونیکیشن ، مینو فیکچرنگ انجینئرنگ اور انڈسٹریل انجینئرنگ کا اسکوپ زیادہ ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر آپ ان ڈگریوں میں سے کسی ایک انجینئرنگ کی فیلڈ کا انتخاب کریں گے تو یہ آپ کے مستقبل کیلئے اچھا ثابت ہوگا اور آپ اس شعبے میں ترقی کرسکتے ہیں۔

 

.

تازہ ترین