• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام جے آئی ٹی ارکان بددیانت، رپورٹ بھی بدنیتی پر مبنی ہے، حاصل بزنجو

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل پارٹی بلوچستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر سینٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی مکمل رپورٹ بد نیتی پر مبنی ہے، جے آئی ٹی کے تمام اراکین بددیانت ہیں ، جے آئی ٹی کے اراکین کو ہر صورت میں نواز شریف کو مجرم قرار دینا تھا، نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ان کے خلاف سازش کی جارہی ہے،ایسا لگتا ہے سیاستدانوں کی نہیں کرمنلز کی تفتیش ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی شق 62,63 پر صحیح معنوں میں عمل کرلیا جائے تو جنرلز،  بیورو کر یٹ ججز سیاستدانوں سمیت تمام لوگ نا اہل ہو جائینگے، آئین کے آرٹیکل 62اور 63 کی جو تشریح کی گئی ہے اس کی روح سے ملک کا کوئی شہری صادق اور امین نہیں ہے۔

صادق امین کا کھیل بند ہونا چاہیے، چوہدری نثار نوازشریف کو نہیں چھوڑسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ کی رہائشگاہ پر اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ نواز شریف ملک کی اکثریتی جماعت کے سربراہ ہیں انکے ساتھ تمام مذہبی، قوم پر ست اور سیاسی جماعتیں کھڑی ہیں جو کچھ اس وقت ملک میں ہورہا ہے وہ بین الاقوامی سازشوں اور نئی پالیسیوں کے تحت ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ایسے حالات میں ہرگز مستعفی نہ ہوں بلکہ جے آئی ٹی کو عدلیہ میں چیلنج کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کا معاملہ مختلف ہے ، نواز شریف نے تو عدلیہ کے تمام فیصلہ کو مانا ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی نے عدلیہ کے فیصلوں کو ماننے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے انھیں نا اہل قرار دے دیا گیا۔

سینٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد سے اسطرح سے تفتیش کی گئی ہے کہ جیسے وہ جرائم پیشہ ہوں، حسین نواز سے 24گھنٹے کی تفتیش کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں پانچ بار مارشل لاء لگایا گیا اور ہمیشہ یہ کہا گیا کہ تمام سیاستدان کرپٹ ہیں، میں خدارا اپیل کرتا ہوں اس ملک سے کھیلنا بند کیا جائے، 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم اسے رول بیک نہیں کرنے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو 90ء سے جانتا ہوں وہ سخت مزاج ضرور ہیں لیکن وہ نواز شریف کو کبھی نہیں چھوڑ سکتے۔

تازہ ترین