• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف رکاوٹ بنے تو کارکنوں کو باہر آکر انصاف کرنے کی دعوت دوں گا، عمران خان

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے تو کارکنوں کو باہر آکر انصاف قائم کرنے کی دعوت دوں گا، میری ایک کال پر عوام سڑکوں پر ہو گی اور پاکستان بھر میں انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، نواز شریف کو نریندر مودی ، ڈونلڈ ٹرمپ ، قطری شہزادے سمیت کوئی بھی بیرونی طاقت نہیں بچا سکتی ، ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام نواز شریف کو معصوم اور زرداری کو چور سمجھتے تھے۔

دھرنے کے بعد لوگوں کو آہستہ آہستہ سب کچھ پتہ چلا، کرپشن ثابت ہونے پر ن لیگ کہتی ہے کہ سازش ہو گئی ہے،جے آئی ٹی نے ایسی چیزیں نکالی ہیں کہ اب کسی کو نواز شریف کے متعلق کوئی شک نہیں رہا۔ انہوں نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا اور جعلی دستاویزات پیش کیں، 30سالوں میں ان پر جو بھی مقدمہ بنا یہ رشوت دے کر بچتے رہے۔

جسٹس سجاد علی شاہ اپنی کتاب میں لکھا کہ انہوں نے کوئٹہ میں بریف کیس بھیجا۔ ان کی چوری چھپائی جائے تو وہ سازش نہیں ہوتی مگر شریف خاندان کے خلاف کھڑا ہونا سازش ہوتا ہے،جے آئی ٹی کے 6ارکان نے 60روز میں تاریخی کام کیا ،عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز حکومت نے منی لانڈرنگ کو تحفظ دینے کے لئے قانون بنایا، بچوں کو بیرون ملک بٹھایا اور بڑے منصوبوں کی کمیشن باہر بھجوائی، نواز شریف کے بچے جدہ، لندن اور اسحاق ڈار کے دبئی میں ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کے بچے بڑے ذہین ہیں، سارے پیسے انہوں نے کمائے ہیں لیکن دراصل یہ 30 سالوں سے ملک کے ساتھ مذاق کر رہے تھے ، انہوں نے منی لانڈرنگ کا ایک ریکٹ بنایا ہوا تھا اور پاکستان میں موٹروے ، میٹرو اور اورنج ٹرین جیسے بڑے بڑے پراجیکٹ شروع کر کے کمیشن لیا۔

انہوں نے سارے ادارے تباہ کر دئیے،جے آئی ٹی اس لئے کامیاب ہوئی کیونکہ اوپر سپریم کورٹ تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا ،شعور کی وجہ سے پورے ملک کے عوام تیار بیٹھے ہیں ، سنا ہے نواز شریف خود کو بچانے کیلئے بیرونی قوتوں کا سہارا لینے کی کوشش کر رہے ہیں ، اب اچھا موسم آنے والا ہے۔ دھرنے میں آپ کی کافی پریکٹس کرا دی ہے۔ نظر آ رہا ہے کہ اب تبدیلی آ رہی ہے۔

کنونشن سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ورکرز کنونشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہونے پر عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ حکومت تحریک انصاف سے خوفزدہ ہو گئی ہے اور اسی لئے حکومت نے ایک ہال کے اندر منعقد ہونیوالی تقریب کو روکنے کے لئے پولیس بھجوائی ہے۔

ن لیگ پھر سے فاشزم کا مظاہرہ کر رہی ہے، نواز شریف کیلئے جمہوریت صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایک آلہ ہے، ثابت ہو گیا ہے کہ وہ کسی ڈکٹیٹر سے کم نہیں۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان اور شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاناما کیس کی سماعت پر تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ شریف برادران کا یوم احتساب قریب آگیا، انہیں اب مستعفی ہونا ہوگا، اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے،شیخ رشید نے کہا کہ جے آئی ٹی نے شریف خاندان کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔

تازہ ترین