• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، فضل الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا واحد حل یہ ہے کہ مفروضوں اور بیرونی دبائو سے بے نیاز ہو کر اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، پاکستان کا دشمن بڑا عیار اور مکار ہے وہ چاروں اطراف سے ملک کا گھرا تنگ کرنا ہے دشمن عزائم کو ناکام کرنا قومی وحدت سے ہی ممکن ہے، ملک میں اسلام گولی اور تشدد سے نہیں جمہوری جدوجہد کے ذریعہ آسکتا ہے۔ جمعیت علماء اسلام صد سالہ عالمی اجتماع کے بعد نئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ساتھ عوام کو منظم کرے گی۔

وہ جمعیت علماء اسلام بزنس فورم سندھ کے صدر بابر قمر عالم کی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر مولانا راشد محمود سومرو قاری محمد عثمان مولانا عبدالکریم عابد حاجی عبدالمالک تالپڑ،مولانا تاج محمد ناہیون صاحبزادہ مولانا عبیدالرحمن ڈاکٹر نصیر الدین سواتی کراچی کے تمام اضلاع کے امرا جنرل سیکریٹریز اور دیگر رہنما علماء موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکن اور مقامی عہدیدار آئندہ انتخابات کی تیاری کیلئے یوسیز کی سطح پر دعوتی مہم شروع کردیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام تمام طبقات اور فرقوں کو دعوت فکر دیتی ہے کہ ملک میں اسلام کے نظام عدل کے نفاذ کی جدوجہد میں جمعیت علماء اسلام کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی اعتدال کی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ این اے 260کوئٹہ کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپش لوٹ کسوٹ سے پاک قیادت صرف جمعیت علماء اسلام ہی ملک کو دے سکتی ہے آگر جے یو آئی حکومت میں آئی تو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کرپشن کی لعنت سے قوم اور ملک چھٹکارا حاصل ہوجائیگا۔

تازہ ترین