• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرائی جائے، بلاول

کراچی (این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں این اے 260میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے اور دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی پی کارکنان پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرنے اورانہیں گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

اتوارکو اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 24 گھنٹے گذرنے کے باوجود انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا جبکہ پی پی پی امیدوار میر محمد حسنی کے پولنگ ایجنٹس کو گنتی کا عمل مکمل ہونے سے قبل ہی پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیاگیاتھا ‘ بلاول بھٹونے کہا کہ ایک طرف ہارنے والے امیدوار کی فقط ایک سادہ درخواست پر پی ایس 114سے جیتنے والے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا جاتا ہے تو دوسری جانب این اے 260 میں انتخابی نتائج کی تبدیلی اور دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی پی پی کارکنان پر پولیس کو بے قابو کیا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے گرفتار کارکنان کو فی الفور رہا کرنے اور دھاندلی کے معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ پی پی پی اپنے مینڈیٹ میں ہیرا پھیری برادشت نہیں کرے گی۔

تازہ ترین