• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کی بیماری وزیراعظم اور انکے خاندان میں پھیل چکی:لیاقت بلوچ

لاہور (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پوری حکومت نواز شریف اور ان کے خاندان کو بچانے اور انہیں معصوم ثابت کرنے میں لگی ہوئی ہے حالانکہ جے آئی ٹی کی سی ٹی سکین میں ثابت ہوگیا ہے کہ کرپشن کی بیماری وزیراعظم سے ان کے پورے خاندان میں پھیل چکی ہے۔ اس موذی مرض کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ اس بیماری پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف تحریک پاناما لیکس بہت پہلے شروع کی اور ہمارا جو موقف پہلے دن تھا، آج بھی وہی ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کا احتساب کیا جائے اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام فاٹا اصلاحات کے نفاذ اور ایف سی آر نامنظور تحریک کے سلسلہ میں قومی سیمینار 19جولائی کو منصورہ میں ہوگا۔ سیمینار سے قومی قائدین، مختلف سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنما اور فاٹا سے اہم قبائلی مشران و موجودہ و سابقہ اراکین قومی اسمبلی خطاب کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ فاٹا سے ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرنے اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لئے جماعت اسلامی ایف سی آر نامنظور تحریک شروع کر دی ہے۔
تازہ ترین