• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لاہور(جنرل رپورٹر)کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی کونسل کا دوروزہ اجلاس صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری کی زیرصدارت لاہور ریجنل سینٹر می ہوا۔جس میں سال رواں میں جاری پالیسیوں اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔کونسل نے زیر تربیت طلبہ کے جاری نظام تربیت کے مسائل اور پالیسیوں کا جائزہ لیا اور موثر مانیٹرنگ کو لازمی قرار دیا۔صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے کہا کہ سی پی ایس پی کی پالیسیاں پورے ملک اور بیرون ملک سینٹرز اور الحاق شدہ اداروں کیلئے یکساں ہیں اور کونسل کی کوشش ہے کہ پرائیویٹ،پبلک اور آرمی میں یکساں نظام تربیت اور موثر مانیٹرنگ لاگو کرے۔اس سلسلے میں فیکلٹی کو مزیدمتحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سپروائزرز کیلئے سہ ماہی فیڈبیک لازمی قرار دے دیا گیا۔سی پی ایس پی کا ای لاگ سسٹم دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔اس سسٹم کے ذریعے تربیتی خامیوں کو دور کیا جائیگا۔صدر سی پی ایس پی نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج کی آئرلینڈ اور انگلینڈ سمیت عالمی سطح پر پذیرائی اس کے فیلوز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔سی پی ایس پی کے فارغ التحصیل سپشلسٹ اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز بین الاقوامی سطح پر نہ صرف ملک کے اعلٰی سفیر ثابت ہوئے ہیں بلکہ وطن کیلئے گرانقدر زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بھی ہیں۔پاکستان کے طبی شعبے کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہم سب کیلئے فخر کا باعث ہے۔آئرلینڈ اور انگلینڈ میں منتخب ہونے والے ڈاکٹرز دوسالہ بہترین اداروں میں تربیت حاصل کرنے کے بعد لازمی طور پر پاکستان آئیں گے اور ملکی عوام کی خدمت کریں گے۔
تازہ ترین