| |
Home Page
پیر یکم ربیع الاوّل 1439ھ 20 نومبر 2017ء
July 17, 2017 | 12:00 am
راول ڈیم کا پانی پینے کیلئے موزوں قرار،جڑواں شہروں کوسپلائی بحال

Todays Print City News

اسلام آباد (ساجد چوہدری،اپنے نامہ نگار سے ) راول ڈیم سے راولپنڈی کے شہریوں کیلئے پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے، واسا نے مختلف اداروں کی لیبارٹریز کی رپورٹ آنے کے بعدپانی کی سپلائی بحالی کی ہے، پاکستان آبی وسائل کی تحقیقاتی کونسل (پی سی آر ڈبلیو آر)، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پاک ای پی اے کی لیبارٹریز کی ابتدائی رپورٹس میں راول ڈیم کے پانی کو پینے کیلئے موزوں قرار دیا ہے، راول ڈیم میں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی اسلام آباد کو پانی کی سپلائی اتوار کی دوپہر بند کر دی گئی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ راول ڈیم کے پانی میں مبینہ طور پر زہریلا مواد ملائے جانے کی وجہ سے مچھلیوں کی ہلاکت ہوئی ہے، اس معاملے کی تہہ تک جانے کیلئے واسا نے اپنی لیبارٹری سمیت دیگر لیبارٹریوں سے بھی راول ڈیم کا پانی ٹیسٹ کروایا جنہوں نے پانی کو پینے کیلئے موزوں قراردیدیاجس کے بعد ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود پانی نے ڈیم سے راولپنڈی کے شہریوں کو پانی کی سپلائی بحال کر دی۔پاکستان تحفظ ماحولیات ایجنسی (پاک ای پی اے) نے راول ڈیم سے مردہ مچھلیوں کو فوری تلف کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے راول ڈیم کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج بلا لیا ہے،ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ نے جنگ کو بتایا کہ 2004ء میں اس طرح کا واقعہ پیش آ چکا ہے اس وقت بھی پانی میں آکسیجن کم ہو جانے کے باعث بڑی تعداد میں مچھلیاں ہلاک ہو گئی تھیں، گزشتہ روز کے واقعہ میں سلور فش ہلاک ہوئی ہیں جن میں قوت برداشت بہت کم تھی، 15سو مردہ مچھلیوں کو راول ڈیم سے الگ کر لیا گیا ہے جبکہ باقی مردہ مچھلیوں کو بھی وہاں سے گھلنے سڑھنے سے پہلے نکالنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کو کہہ دیا گیا ہے،تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔