• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلت کے باعث ایک ماہ سے ہزاروں موٹرسائیکل مالکان کو گرین رجسٹریشن بکس نہ مل سکیں

راولپنڈی (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب حکام کی مبینہ لاپرواہی کے باعث راولپنڈی سمیت جہلم، اٹک، چکوال اور پنجاب کےبعض دیگر اضلاع میں پچھلے ایک ماہ سے سٹکرز اور رجسٹریشن بکس نہ ہونے کے باعث ہزاروں مالکان کو موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بکس نہیں مل سکیں،ایکسائز ذرائع نے بتایا کہ پہلے سٹکرز نہیں تھے وہ تو چار روز قبل آگئے ہیں مگر پچھلے ایک ماہ سے گرین رجسٹریشن بکس نہ ہونے کی وجہ سے شہری اپنی رجسٹریشن بکس کیلئے دفاتر کے چکر لگاتے رہتے ہیں مگر وہ مایوس ہو کر گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایکسائز حکام ون ونڈو کے تحت شہریوں کے تمام کام کی بات تو کرتے ہیں مگر پچھلے ایک ماہ سے وہ اپنے موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بکس کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں مگر موٹر برانچز کا عملہ کہتا ہے کہ انہیں لاہور ہیڈکوارٹر سے ہی گرین بکس نہیں آ رہی ہیں وہ آگے کیسے ان کو جاری کرسکتے ہیں، اس حوالے سے موٹر برانچ کے حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور ہیڈکوارٹر کے حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں گرین رجسٹریشن بکس فراہم کر دی جائیں گی، بعض موٹر برانچ کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اعلٰی سطح پر یہ بات زیر غور تھی کہ سٹکرز اور رجسٹریشن بکس کی جگہ سمارٹ کارڈز شروع کئے جائیں گے جس کے نتیجہ میں پرانی بلیو رجسٹریشن بکس کی فراہمی موٹر رجسٹرنگ اتھارٹیز کو روک دی گئی تھی جس کے بعد پہلے سٹکرز کی فراہمی روکی گئی اور پھر گرین بکس روک دی گئیں تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ جلد ہی گرین بکس کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
تازہ ترین