• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے‘ پوسٹوں کی پرسنل اپ گریڈیشن کروانیوالوں کیخلاف کارروائی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ نے گزشتہ دس سالوں کے دوران مختلف ادوار میں پوسٹوں کی پرسنل اپ گریڈیشن کرانے والوں کیخلاف کاروائی شروع کر دی ہے۔ پہلے مرحلے میں45 افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں کہ کیوں نہ انکی تنزلی سابقہ گریڈ میں کر دی جائے۔ یہ کارروائی ایک انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر کی جا رہی ہے جس کے سربراہ سابق ڈائریکٹر کیو ایس اعجاز احمد صدیقی تھے‘ جو تیس جون کو ر یٹائر ہو چکے ہیں۔ دیگر ممبران میں ڈائریکٹر پی آر مظہر حسین‘ آفتاب سلیم اور ارشد آفریدی تھے۔ کمیٹی نے شکایت کی ہے کہ انہیں متعلقہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا ورنہ اصل تعداد بہت زیادہ ہے۔ تقریباً 1065افسروں اور ملازمین کی اپ گریڈیشن کی گئی یا کیڈر تبدیل کیا گیا۔ اس سے سی ڈی اے کو 20کروڑ روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ یہ کمیٹی ممبر ایڈمن یاسر پیرزادہ نے تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ غیرقانونی اپ گریڈیشن واپس کی جائے اور ان ترقیوں کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ شعبہ ایچ آر نے قانونی تقاضا پورا کرنے کیلئے شوکاز نوٹس جاری کئے ہیں جس کے بعد ترقیاں واپس لی جائیں گی۔ متاثرہ افسروں اور ملازمین نے وکلاء سے مشاورت شروع کر دی ہے لیکن اصل بات یہ ہے کہ کارروائی بلاامتیاز کی جائے۔ جن کی اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت ہوئی یا بورڈ کی منظوری سے ہوئی ہے انکے کیسز کو الگ کیا جائے جبکہ ممبر ایڈمن یا چیئرمین سے منظوری لینے والوں کو الگ کیا جائے اور ایسے ملازمین جن کی اپ گریڈیشن سے دوسروں کی حق تلفی ہوئی ان کو منسوخ کیا جائے۔
تازہ ترین