• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ٹی پی دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس میں شامل ہے‘ نارویجن سفیر

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ناروے کے سفیر تورے نیدر بو نے کہا ہے کہ آئی ٹی پی دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس میں سے ایک ہے۔ اسکے افسران اور اہلکار مشکل وقت میں ہرممکن مدد فراہم کرتے ہیں۔ وہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے ناروے ایمبیسی میں روڈ سیفٹی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام موسم برسات میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس ملک مطلوب حسین نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایک کرپشن فری ادارہ ہے جوکہ عوام دوست ہونے کے ساتھ ساتھ انکے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ آئی ٹی پی سافٹ پولیسنگ پر یقین رکھتی ہے اور فرینڈلی کلچر کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ورکشاپ میں 50سے زائد شرکاء نے شرکت کی جن کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ شرکاء کو ون ویلنگ کے نقصانات، پیدل چلنے کے اصول اور پیدل چلنے والوں کے حقوق، سڑک استعمال کرنے والوں کی اقسام، روڈ کراسنگ اور ٹریفک حادثات سے بچنے کے ساتھ ساتھ دوران ڈرائیونگ موبائل فون سننے کے خطرات، سیٹ بیلٹ کے استعمال، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کے خطرات، سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کے حقوق کا خیال رکھنا، اوورہیڈ بریج اور زیبرا کراسنگ کا استعمال، تیزرفتاری کے خطرات سمیت دیگر قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ بارش میں حادثات سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ یقینی بنایا جائے کہ گاڑی کے وائپر درست حالت میں ہیں۔ جن راستوں پر پانی کھڑا ہو یا پھسلن ہو تو گاڑی محتاط انداز میں آہستہ اور پہلے گیئر میں چلائی جائے۔
تازہ ترین