• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے پولیس کانسٹیبل سمیت 2افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ریلوے پولیس کانسٹیبل سمیت 2افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ مٹکیال میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے ایک محنت کش کو قتل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ رتہ امرال مرزا زمان رضا نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات عبدالخالق اپنے بھائی کے ہمراہ پیدل جا رہا تھا کہ ڈھوک مٹکیال کی گلی نمبر49میں طلعت نامی شخص کی شادی کی وجہ سے راستہ بند تھا‘ اسی دوران جب عبدالخالق وہاں سے گزر رہا تھا تو اسکی اسداللہ ولد مجید اللہ سے تلخ کلامی ہو گئی جس نے فائرنگ کرکے عبدالخالق کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم طلعت کا دوست ہے جو شراب کے نشے میں تھا۔ مقتول کا تعلق لیہ سے بتایا جاتا ہے جو یہاں بنگش کالونی میں رہائش پذیر تھا اور راجہ بازار میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ادہر تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ ریلوے کالونی چکلالہ میں رہائش پذیر ریلوے پولیس کے کانسٹیبل محمدصدیق کو نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ دیا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانسٹیبل محمد صدیق رات کو ڈیوٹی سے فارغ ہوکر موٹر سائیکل پر اپنے گھر پہنچا جہاں پہلے سے نامعلوم مسلح ملزمان اسکے انتظار میں موجود تھے۔ جوں ہی وہ گھر کے دروازے کے سامنے پہنچا تو اس پر اندھا دھند فائربگ کر دی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور ازاں بعد دم توڑ گیا۔ مقتول سابقہ فوجی تھا اور شکرگڑھ کا رہنے والاتھا۔
تازہ ترین