• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹر سائیکل چلاتے ہیلمٹ پہن کر جان لیوا حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے‘ سی ٹی او

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہننا انتہائی ضروری اور قانونی تقاضا ہے۔ خدانخواستہ موٹر سائیکل سے گرنے کی صورت میں سیفٹی ہیلمٹ پہنا ہو تو سر کی جان لیوا چوٹ سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اس طرح ڈرائیور یا پیچھے بیٹھے سوار دونوں کی جان بچ جاتی ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ پیچھے بیٹھا شخص بھی ہیلمٹ کا استعمال کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں سواروں کیلئے ہیلمٹ کا استعمال ضروری ہے۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ایجوکیشن ونگ کی جانب سے دوران موٹر سائیکل ڈرائیونگ ہیلمٹ پہننے کی اہمیت و افادیت سے متعلق خصوصی آگاہی مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ موٹر سائیکل سے گرنے کے صورت میں اکثر خطرناک چوٹیں سر میں لگتی ہیں جو جان لیوا ہونے کے ساتھ ساتھ معذوری کا بھی سبب بنتی ہیں۔ ہیلمٹ پہن کر سر کی جان لیوا چوٹ سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی اہمیت سے متعلق بریفنگ کا عمل جاری ہے۔ یوسف علی شاہد نے کہا کہ ٹریفک پولیس آن گرائونڈ شہریوں کو ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روڈ یوزرز کی جان و مال کے تحفظ کیلئے بھی کوشاں ہے۔
تازہ ترین