• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبہ بھارت سمیت دیگر ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتا‘ سجاد خان

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما‘ سابق نائب تحصیل ناظم راولپنڈی اور چیئرمین یونین کونسل نمبر42 ملت کالونی سجاد خان نے کہا ہے کہ سی پیک کا منصوبہ بھارت سمیت پاکستان دشمن ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتا جسے سبوتاژ کرنے کیلئے پانامہ اسکینڈل کو منظر عام پر لا کر پاکستانی سیاست میں گند ڈالا گیا‘ لیکن بہت جلد پانامہ کیس میں میاں نواز شریف اور ان کا خاندان سرخرو ہوگا۔ ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے قونصلر شاہ فیصل کاکڑ کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ سعودی عرب کے صدر راجہ یعقوب کی جانب سے دیئے جانیوالے الوداعی عشائیہ سے اپنے صدارتی خطاب میں سجاد خان نے کہا کہ پاکستان نے اقتصادی اورمعاشی شعبوں میں بے مثال ترقی ہے اور بجلی، گیس کے بحران پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان کی 70سالہ دیرینہ دوستی ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہے اور دونوں ممالک دوستی کے ایسے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط اور مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ دوستی کسی بھی ملک کیخلاف نہیں اور ہر آزمائش کے وقت پوری اتری ہے۔ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر سمیت بھارت اور پاکستان کے تنازعات حل کرانے کیلئے امریکہ کو ثالثی کرنے کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔ تقریب سے مسلم لیگ سعودی عرب ریاض ریجن کے رہنما خالد اکرم رانا نے خطاب کرتے ہوئے قونصلر شاہ فیصل کاکڑ کی 17سالہ خدمات کو سراہا۔ دیگر خطاب کرنے والوں میں قاضی اسحاق میمن، شمشاد علی صدیقی، رانا خادم حسین، احسن منصور، ملک محمود اعوان، چوہدری ندیم، جی ایم ملک، چوہدری مجید اور دیگر شامل تھے۔ سجاد خان نے کہاکہ پاکستان او رامریکہ کی دوستی میں کوئی بھی بیرونی سازش حائل نہیں ہو سکتی اور یہ دوستی روز بروز مستحکم ہوتی رہے گی۔ سجاد خان اور دیگر مقررین نے پاکستان، امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اوراسے ہرقسم کے مفادات سے پاک قراردیا۔
تازہ ترین