• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھمکیوں کا وقت گیا، نواز شریف کیلئے اڈیالہ جیل میںگھر کی تیاری، عمران خان

Todays Print

اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کااستعفیٰ نہیں مانگ رہا بلکہ میں انہیں اڈیالہ جیل میں دیکھ رہا ہوں جہاں ان کے لئے جگہ تیار ہورہی ہے۔

جمہوریت میں جواب دینا ہوتا ہے ، وزیر اعظم اور وزراءقوم کو جوابدہ ہوتے ہیں۔ نوازشریف ! آپ کے پاس وقت کم ہے ، مجھے اور اداروں کو دھمکیاں مت دیں ، اس طرح آپ کی پریشانی اور بڑھے گی۔  گزشتہ روز خیبر پختونخوا ہائو س اسلام آباد میں پختونخوا حکومت کی جانب سے لوئر دیر میں 150 میگا واٹ کے پن بجلی کے منصوبے کے معاہدے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کے دوران  عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کو 150 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کبھی نہیں ہوئی۔ جب کوئی شریف خاندان کے احتساب کی بات کرتا ہے تو یہ دھمکیاں دیتے ہیں ، دھمکیوں کا وقت گزر گیا ہے۔ ان کی دھمکیوں کا اب کسی کو خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل کے افتتاح پر ”گو نواز گو“ کے نعروں سے بچنے کے لئے نواز شریف نے ریکارڈشدہ تقریر کی۔

نوازشریف جھوٹ بولنے پر شرمندگی کی بجائے کہتے ہیں ہم احتساب مانتے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت یہ سارے اڈیالہ جیل کے امیدوار لگ رہے ہیں۔ کرپشن اپنی جگہ لیکن یہ لوگ چوری کا پیسہ باہربھیج کرملک کو زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔  شریف خاندان نے کرپشن اور منی لانڈرنگ ہی نہیں کی بلکہ سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرا کے عدالت کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کی ہے جس کی سزا کم از کم سات سال قید ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف جو کھڑا ہو گا وہ آئین کی خلاف ورزی کرے گا جبکہ ہمارے سڑکوں پر نکلنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

عمران خان  نے کہاکہ  شریف خاندان ہمیشہ انہی حربوں سے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آج کا دور انٹرنیٹ کا دور ہے یہی وجہ ہے کہ کل رات ہی دستاویزات میں جعلسازی کو سوشل میڈیا نے بے نقاب کر دیا تھا۔ قبل ازیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شریف خاندان نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے علاوہ ایک اور سنگین جرم کے مرتکب ہوئے ہیں اور وہ جرم سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرانا ہے۔ 

تازہ ترین