• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائبر کرائم کیس میں دو ملزموں کو16سال قید اور جرمانہ

راولپنڈی(اپنےرپورٹرسے)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی علی رضا نے سائبر کرائم کیس میں نامزد 2 ملزمان خرم خالق اور عدنان کو جرم ثابت ہونے پرمجموعی طور پر16سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزاء سنا دی جبکہ تیسرے ملزم مبشر کو ناکافی شہادت پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ تینوں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا تھا جنھوں نے ویب سائیٹ بنا کر لوگوں کو2 کروڑ سے محروم کیا تھا۔ دریں اثناءسول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل محمود نے پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والے 2ڈرائیوروں کو مجموعی طور پر 6ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا جب کہ قبضہ میں لی گئی 7گاڑیوں کی سپرداری کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔ تھانہ سول لائن پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں میں غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے کے مقدمے میں ملوث 2ڈرائیوروں ارشد اور قادر کو پیش کیا جن کو عدالت نے 3/3ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ۔ سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ نورین نے بیوی کو عدالتی احکامات پر اجراء ڈگری کی رقم ادا نہ کرنے والے شوہر کو جیل بھیج دیا ۔عدالت میں فائزہ نجم نے درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ شوہر کے خلاف درخواست دی تھی جس پر عدالت نے شوہرمحمد الیاس کو 5لاکھ 25ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا لیکن اس نے رقم ادا نہیں کی اور نہ ہی عدالتی احکامات مان رہا ہے۔
تازہ ترین