• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلہ قبول، خلاف آیا تو تمام آئینی و قانونی آپشنز استعمال کرینگے

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے‘ ہم نے عدالت کے سامنے سر تسلیم خم کیا‘عدالت سے بہتر فیصلہ آنے کی توقع ہے‘ جو بھی فیصلہ آ یا اسے قبول کریں گے‘۔

کچھ لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، اقتدار کے بھوکے 2018کے الیکشن کی تیاری کریں، ہم اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، عوام آئندہ بھی ہمیں ووٹ دیں گے، بعض عناصر کو سی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،، مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، امید ہے کہ عدالت سے سرخرو ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم  مشاورتی اجلاس  ہوا جس میں حکومتی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور مشیروں نے شرکت کی‘ذر ائع کے مطابق اجلاس نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جو بھی آ ئے (حق میں یا خلا ف) اسے تسلیم کیا جا ئے گا‘۔

فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں تمام آئینی و قانونی آ پشنز استعمال کئے جائیں گے‘نواز شریف نے پاناما کیس سے متعلق قانونی ٹیم کو بھی اجلاس میں طلب کیا جس نے ممکنہ فیصلے کے پہلو ؤں پر بریفنگ دی‘ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شر کت نہیں کی بلکہ وہ پنجاب ہاؤس میں معمول کی دفتری فائلیں نمٹا تے رہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے‘وزیر اعظم کی ممکنہ نا اہلی کی صورت میں نئے وزیر اعظم کی نامزدگی ، نیب اور الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجے جانے کی صورت میں تیاری ، اپوزیشن کی جانب سے استعفے کے مطالبےکا دبائو کم کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنےسمیت حکومت کی ہمہ پہلو حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس نے وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت پر غیر متزلزل یقین اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے دبائو پر ہر گز وزیر اعظم نواز شریف  استعفیٰ نہیں دیں گے البتہ نا  اہلی کی صورت میں وزیر اعظم نواز شریف کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ جسے بھی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کریں گے پارٹی اس فیصلے کو تسلیم کرے گی‘ نا اہلی کے بعد بھی نواز شریف پارٹی کے قائد رہیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا‘قوم سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے‘ اپوزیشن کی اپنی صفوں میں اتحاد نہیں بلکہ وہ انتشار کا شکار ہیں‘ اپوزیشن اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے‘ ملک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا‘پاکستان ایک سمت طے کر چکا ہے اور اپنی سمت پر گامزن رہے گا۔

تازہ ترین