• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا جے آئی ٹی رپورٹ کی دسویں جلد جاری کرنے کا مطالبہ

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ،خبر ایجنسی ) پاکستان تحریک انصاف نے جے آئی ٹی رپورٹ کی دسویں جلد جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کسی قسم کے جمہوری ، سیاسی و پارلیمانی بحران کھڑا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جمعے کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سے تحریک انصاف کے قائدین شریک ہوئے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں ریاستی اداروں پر حکومتی حملوں کے خلاف متبادل حکمت عملی اپنانے پر غور اور پانامہ لیکس کیس کی سپریم کورٹ میں تکمیل کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ممکنہ عدالتی فیصلے کے خدوخال پر قانونی ماہرین نے خصوصی بریفنگ دی۔ پانامہ کے سیاسی اثرات پر ، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے جڑے مختلف امور پر بات چیت اور وزیر اعظم کی جانب سے دی جانے والی مبینہ دھمکیوں و سپریم کورٹ کے خلاف ممکنہ حکومتی شرانگیزی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ہے، نواز شریف کا اقتدار سے رخصتی کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں ، وزیر اعظم ازخود منصب خالی کرتے ہیں یا سزا کے بعد عہدہ چھوڑ تے ہیں، خود انہیں فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے کو ہے، مجھے نیا پاکستان بنتا نظرآرہا ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم جشن منائے گی۔انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کی دسویں جلد بھی جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

تازہ ترین