• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں اپیل دائر کرے گا

Todays Print

اسلام آباد (عثمان منظور)قومی احتساب بیورو، جے آئی ٹی اور پاناما کیس کے بعد دو دہائیوں پرانے حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے میں نئے مواد کے سامنے آنے پر ’’دوبارہ تفتیش‘‘ کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گا اور اگر اسے اجازت ملی تو دوبارہ تفتیش میں اسے مزید ایک سال لگے گا۔ یہ بات قابل اعتبار ذرائع نے دی نیوز کو بتائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں گزشتہ کئی ماہ سے غور کیا جارہا ہے لیکن بیورو جے آئی ٹی اور نئے حقائق کا انتظار کر رہا تھا تاکہ اس مشہور مقدمے کا ازسرنو جائزہ لیا جا سکے۔ بیورور میں قابل اعتبار ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب 2014 میں سپریم کورٹ سے کیس کی ازسرنو تفتیش کے بارے میں پوچھ سکتی تھی اور اب بھی یہی پوچھ سکتی ہے۔

نیب سپریم کورٹ سے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی ازسرنوتفتیش کی اجازت طلب کرے گی۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ نیب کو اپنی تحقیقات کو حتمی شکل دینے اور احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے میں ایک اور برس لگ سکتا ہے اور اس کے فیصلے میں پھر ایک سال لگ سکتا ہے۔

جمعہ کو نیب کے پراسیکوٹر جنرل نے سپریم کورٹ میں اشارہ دیا ہے کہ نیب کیس میں اپیل دائر کرنے پر غور و فکر کررہی ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے عدالت اعظمی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے پر چیئرمین نیب کے خلاف سخت ریمارکس پاس کیے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ نے نہ صرف ریفرنس ختم کرنے بلکہ کیس کی دوبارہ تفتیش کو بھی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں نیب کے ریکارڈ سے انکشاف ہوتا ہے کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو بیورو کے پراسیکیوشن نے بتایا تھا کہ یہ کیس اپیل کرنے کے لئے موزوں نہیں ہے کیونکہ نیب سپریم کورٹ سے صرف کیس کی ازسرنو تفتیش کی اجازت ہی طلب کر سکتا ہےاور ازسرنو تفتیش کو انتقامی کاروائی کے طور پر دیکھا جائے گا جس سے نیب کی بدنامی ہوگی اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔

تازہ ترین