• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان سرحدی علاقے میں آپریشن خیبرفورکامیابی سے جاری ہے اور پاک فوج نے بارڈرکے قریب دہشت گردوں کی جنت سمجھے جانے والے علاقے راجگال کے مقام بریخ محمد کنڈرو میں آپریشن کے دوران خیبر ایجنسی کے مشکل ترین علاقے میں سب سے اونچی پہاڑی چوٹی کو دہشت گردوں سے خالی کرا کے اپنی چیک پوسٹ قائم کرلی ہے۔ یہ چوٹی بارہ ہزارفٹ بلند ہے اورگھنے جنگلات سے گھری اس چوٹی سے چاروں جانب نظر رکھی جا سکتی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چوٹی کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے فوجی دستوں کے ساتھ ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی حصہ لیا جبکہ جھڑپ کے دوران کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے اور چند دہشت گرد افغانستان فرار ہو گئے۔دہشت گردوں کی کمین گاہوں سے بھاری تعداد میں ہتھیارا ور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا اور کامیاب آپریشن کے بعد پورے علاقے کو دہشت گردوں سے خالی کرا لیا گیا ۔چوٹی کو دہشت گردوں سے پاک کرنا آپریشن خیبرفورکا پہلا مرحلہ تھا ، اس طرح ماہ رواں کے وسط میں دہشت گردوں کے خلاف شروع ہونے والے اس آپریشن میں توقع سے بہت پہلے ہی پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے اور اب اگلے مرحلے میں وادی کو کلیئر کرایا جارہا ہے۔ اس سرحدی علاقہ میں چھپے دہشت گرد سرحد کے دونوں جانب جگہ بدلتے رہتے تھے اور پاکستان میں دہشت گردی اورامن و امان کی صورتحال خراب کرکے افغانستان فرار ہو جاتے تھے، پاکستانی حکام نے بارہا کابل حکومت کو دہشت گردوں کی اس حکمت عملی سے آگاہ کیا مگر افغانستان کی جانب سے لیت و لعل سے کام لیا جاتا رہاجس کے بعد پاک فوج کو خود آپریشن کا آغاز کرنا پڑا۔پاک فوج کی کامیاب حکمتِ عملی کے باعث پورے ملک میں دہشت گرد عناصر پسپا ہو رہے ہیںتاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کا چپہ چپہ پُرامن بنانے کیلئے پُرعزم افواج پاکستان کابھرپور ساتھ دیا جائے اورفوجی آپریشن کے ساتھ ساتھ اس فکری گمراہی کے ازالے کے اقدامات بھی کیے جائیں جو دہشت گردوں کو جنم دینے کا باعث ہے۔

تازہ ترین