• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈی ڈیانا ’شرارتی ترین ماں‘ تھیں، مرنے سے قبل آخری بات مختصر کال پر ہوئی، شہزادے

کراچی(نیوزڈیسک)پرنس ولیم اور پرنس ہیری نے لیڈی ڈیانا کی 20ویں برسی کے موقع پر اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے انھیں دنیا کی ’’شرارتی ترین ماں‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں پرلطف انداز میں پالا اوروہ پوری طرح سے خود بھی بچہ ہی تھیں، مرنے سے قبل آخری بات فون کال پر ہوئی جو بہت مختصر تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے لیڈی ڈیانا کی 20ویں برسی پر پیش کی جانے والی آئی ٹی وی کی ایک دستاویزی فلم میں کہا ہے کہ ’’وہ محل کی دیواروں کے باہر کی حقیقی دنیا کو خوب سمجھتی تھیں،دونوں شہزادوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں کتنے پرلطف انداز میں پالا تھا اوروہ پوری طرح سے خود بھی بچہ ہی تھیں‘‘ انھیں افسوس ہے کہ ان کی آخری بات بہت مختصر تھی اور وہ ایک فون کال تھی جوڈیانا نے اپنی موت کے دن پیرس سے کی تھی۔

شہزادہ ولیم نے کہا کہ انہوں نے فون پر کیا کہا وہ تو یاد نہیں لیکن ان کی ماں نے جو کہا وہ انہیں یاد ہے اور وہ اس کی تفصیل ظاہر نہیں کر سکتے،اس پروگرام میں شہزادوں کے ساتھ ان کی کئی غیر مطبوعہ تصویریں بھی شامل ہیں۔ شہزادی ڈیانا 31اگست 1997 کو پیرس کے ایک کار حادثے میں ماری گئی تھیں، اس وقت شہزادہ ولیم 15اور شہزادہ ہیری 12سال کے تھے۔

ان کے حس مزاح کو یاد کرتے ہوئے پرنس ہیری نے کہاکہ ’’ہماری ماں پوری طرح سے بچہ تھیں، جب کوئی کہتا ہے کہ وہ اتنی پرمزاح تھیں تو ان کی کوئی بات بتاؤ تو میرے کانوں میں صرف ان کی ہنسی گونجتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ میری ماں کی ایک بات مجھے یاد ہے کہ تم جتنی شرارت کرنا چاہو کرو لیکن یاد رہے پکڑے نہ جاؤ۔

تازہ ترین