• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی ٹریل اورنااہلی کا کام نوازاورعمران پرختم نہیں ہونا چاہئے،حسن نثار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ منی ٹریل کے حوالے سے نواز شریف اور عمران خان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ہے، شریف خاندان سے پاکستان کی جان چھڑانے کیلئے عمران خان بھی نااہل ہوتا ہے تو ہوجائے،کوئی مسئلہ نہیں ہے،اس آدم خور شیر کا شکار عمران خان نے تن تنہا کیا ہے،پی پی لیڈرز پاناما کیس کا کریڈٹ لینے کیلئے حتمی مرحلہ پر عدالت آکر ڈھٹائی، بے شرمی اور اوچھے پن کا مظاہرہ کررہے تھے۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ حسن نثار نے کہا کہ عمران خان نے عوامی خدمت کے آرٹ آف دی اسٹیٹ پراجیکٹس مکمل کیے ہیں، منی ٹریل کے حوالے سے نواز شریف اور عمران خان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ہے، شریف خاندان سے پاکستان کی جان چھڑانے کیلئے عمران خان بھی نااہل ہوتا ہے تو ہوجائے کوئی مسئلہ نہیں ہے،لیکن منی ٹریل اور نااہلی کا کام نواز اور عمران پر ختم نہیں یہاں سے شروع ہونا چاہئے، جو آدمی سیاست میں آنے کی خواہش رکھتا ہے اسے اس پورے پراسس سے گزرنا چاہئے اور یہ نوبت حمزہ شریف تک آنی چاہئے،نیازی ہونا کوئی طعنہ نہیں جو ن لیگی رہنما نیازی نیازی کی رٹ لگائے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کارکنان بھی پھر نواز بٹ، شہباز بٹ کہہ سکتے ہیں۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی شرافت ،دیانت اور محنت پر کوئی حرف نہیں اٹھاسکتا ہے، اگر چوہدری نثار جیسے زبردست آدمی پر کوئی چپڑقناتیہ وزیراعظم بن کر آجائے تو شرافت کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، چوہدری نثار کے حوالے سے وفاداری کا لفظ استعمال کرنا بدتمیزی ہے، وفاداری کسی شخص کے نہیں نظریے اور اصولوں کی بنیاد پر ہوتی ہے۔

شریف فیملی کے ایک دوسرے کو کروڑوں روپے تحائف پر حسن نثار نے کہا کہ جس ملک میں فی کس سالانہ آمدنی 1629ڈالر ہے اس میں اس طرح کے حکمران خاندان باعث شرم ہیں، ان کے پاس پیسہ اتنا ہے کہ آپس میں اربوں کے تحفے دیتے ہیں لیکن عوام کو لوڈشیڈنگ، قرضے، جھوٹے وعدے،بدامنی، جعلی دوائیں، ویران اسکول، گندا پانی، مردہ مقامی حکومتیں اور موروثیت دی ہے۔

پیپلز پارٹی کے پاناما کیس کا کریڈٹ لینے کی کوشش پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ پی پی لیڈرز پاناما کیس کے حتمی مرحلہ پر عدالت آکر ڈھٹائی، بے شرمی اور اوچھے پن کا مظاہرہ کررہے تھے، اس آدم خور شیر کا شکار عمران خان نے تن تنہا کیا ہے، پی پی لیڈرز عمران خان کے شکار کیے شیر کے سر پر پاؤں رکھ کر تصویریں بنوانے عدالت گئے تھے، یہ ان کی بے بسی کی انتہا ہے، اگر کوئی دوسرا شخص اس میں اپنا حصہ کلیم کرتا ہے تو وہ بہت چھچھورا ہوگا، پیپلز پارٹی خودفریبی سے نہیں نکلی تو بالآخر سندھ میں بھی وہی ہوگا جو پنجاب میں ہوچکا ہے۔

تازہ ترین