• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی کو برطانیہ کے قانون اور پالیسیوں کی پاسداری کرنا ہوگی، فیصل رشید ایم پی

مانچسٹر (ذوالفقار علی مہر) وارنگٹن سائوتھ کے حلقہ سے کامیاب ہونے والے پاکستان نژاد نو منتخب رکن پارلیمنٹ، سابق میئر وارنگٹن فیصل رشید نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب برطانوی ایوانوں میں پاکستان نژاد اور مسلمان نمائندوں کی اکثریت ہوگی لیکن اس کے لئے ہمیں یہاں کے قانون اور پالیسیوں کی پاسداری کرنا پڑے گی اور اپنے آپ کو پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانوی شہری بھی کہنا اور سمجھنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلی مرتبہ لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر پہلے پاکستانی اور مسلمان کی حیثیت سے رکن پارلیمنٹ کی نشست جیتنے کے بعد اپنے حلقہ میں آفس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے جنگ و جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقہ کی عوام نے جس طرح مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کامیاب کرایا ہے ان کی سہولت کے لئے یہاں دفتر قائم کرکے مجھ تک پہنچ کو آسان کر دیا ہے۔

ان کی خدمت کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے سب کے لئے کھلےہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی پارٹی سے کیوں نہ ہو۔ میں عوامی نمائندہ ہوں اور عوام میں رہ کر برابری کی بنیاد پر مسائل حل کئے جائیں گے۔ برطانیہ میں مسلمانوں پر ہونے والے تیزاب کے حملوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لندن کے علاقوں میں گذشتہ دنوں یہ حملے ہوئے اور یہ بہت تشویش کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں اس قسم کی وارداتیں ہو رہی ہیں جوکہ ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے پاررلیمنٹ میں اس پر بحث ہوئی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ حکومت اس کےلئے سخت سزائیں مقرر کرے اور یہ بھی تجویز زیر غور ہے کہ اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد خواہ وہ کم عمر ہی کیوں نہ ہوں ان کوبھی سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔MP فیصل رشید کے حلقہ وارنگٹن سائوتھ میں آفس کے افتتاح کے موقع پر اوپن ڈے کی وجہ سے ان کے دفتر میں حلقہ کے لوگوں کا تانتہ باندھا رہا۔

اس موقع پر ان کے حلقہ سے تعلق رکھنے والے رانا کلیم نے کہا کہ ایم پی فیصل رشید کو وہ کافی عرصہ سے جانتے ہیں اور انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلے پاکستان نژاد اور مسلم ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح دیگر نوجوانوں کو بھی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ ہماری زیادہ سے زیادہ نمائندگی ہو۔ سماجی رہنما شہباز سرور جن کا تعلق مانچسٹر سے ہے، نے کہا کہ ہمMP فیصد رشید کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہیں اور ان کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہیں تاکہ ان کے حلقہ کے لوگوں کو محسوس ہو کہ نہ صرف حلقہ کے لوگ بلکہ دیگر علاقوں سے آنے والے ان کے دوست احباب ان کی خداداد صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ اوپن ڈے کے موقع پر ان کے حلقہ کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ایم پی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

تازہ ترین