• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ممالک میں خودکش حملوں کا خطرہ ہے، انٹر پول

لندن (این این آئی) انٹرپول نے یورپ پر150سے زائد خودکش حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عراق اور شام میں داعش کے زیر کنٹرول علاقوں کا قبضہ چھڑانے کے بعد امریکی فوجی ماہرین نے وہاں سے حاصل کردہ معلومات کا تجزیہ کیا اور داعش کے 173 عسکریت پسندوں کی فہرست مرتب کی جو یورپ پر خودکش حملے کرسکتے ہیں۔ داعش نے مشرق وسطیٰ میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لئے ان جنگجوؤں کو خاص طور پر یورپی ممالک میں خودکش حملوں کیلئے تیار کیا ہے اور بم بنانے کی تربیت دی ہے جب کہ یہ جنگجو غیرملکی شہریت کی وجہ سے بین الاقوامی سفر بھی کرسکتے ہیں۔ انٹرپول کے مرکزی سیکریٹریٹ نے حال ہی میں تمام متعلقہ حکومتوں کو ان خودکش حملہ آوروں کی فہرست جاری کی ہے۔ تاحال ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ ان خودکش بمباروں میں سے کوئی حملہ آور یورپ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوسکا ہے یا نہیں لیکن انٹرپول نے تمام متعلقہ ممالک کو مربوط رابطوں کے نیٹ ورک سے فہرست ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان افراد کے بارے میں کوئی بھی اطلاع ملے تو فورا فراہم کی جائے۔

تازہ ترین