• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک سر زمین پارٹی کا ایم کیو ایم لندن کے قائد کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرہ

لندن (رپورٹ:ودود مشتاق) پاک سر زمین پارٹی نے ایم کیو ایم لندن کے کراچی کی دہشت گردی میں مبینہ ملوث ہونے اور پاکستانی اداروں کے خلاف اس کی قیادت کی ہرزہ رسائی کے خلاف ایم کیو ایم لندن کے قائد کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مختلف سیاسی تنظیموں اور کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جس پر ایم کیو ایم کی قیادت کو گرفتار کرنے اور ان کی پاکستانی قومیت ختم کرنے سمیت مختلف نعرے درج تھے۔

مظاہرے کی قیادت پی ایس پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پر امن مظاہرے کا مقصد ایم کیو ایم کی قیادت کی طرف سے انٹرنیٹ پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ قیادت پاکستان میں اپنے دہشت گردوں سے رابطے کرکے انہیں دہشت گردی پر اکسا رہے ہیں اور ہمارے دو کارکنوں کے کراچی میں قتل اس سازش کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایم کیو ایم لندن کا کردار ختم ہوچکا ہے اور ان کی قیادت مسلسل ایک ماہ سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گھروں میں بیٹھ کر ویڈیو پیغامات کے ذریعے پاکستان کو گالیاں دیتے ہیں اور پاکستانی سیکورٹی اور دیگر اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کی قیادت نے عالمی طاقتوں سے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے اس پر حملہ کیا جائے لہٰذا کوئی بھی محب وطن پاکستانی ایسی بےہودگی کو برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام اسمبلیاں اس کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہیں لہٰذا حکومت پاکستان فوری کاروائی کرے۔ انہوں نے برطانوی حکومت سے بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اپنے خطاب میں پی ایس پی برطانیہ کے صدر الطاف شاہد اور غلام نبی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کراچی میں دوبارہ دہشت گردی کر ا کر عوام کا امن چھیننا چاہتی ہے لیکن ہم انہیں کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ انہوں نے برطانوی حکومت سے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کی قیادت کو ملک بدر کرے۔ پی ایس پی مڈلینڈ کی صدر زبیدہ شاہد ، چیئرمین پیٹریاٹ فرنٹ طارق محمود نےبھی اس موقع پر اسی طرح کے جذبات کااظہار کیا اور کہا کہ ایم کیو ایم لندن کو ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ وہ انکی بد اعمالیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔اس موقع پر بچوں خواتین اور دیگر شرکا نے مظاہرین کے ساتھ مل کر ایم کیو ایم لندن کی قیادت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مظاہرے کے دوران ایم کیو ایم لندن کے رہنما اپنی قیادت کی رہائشگاہ کی چھت پر چڑھ کر مظاہرین کی مسلسل ویڈیو فلم بناتے رہے جبکہ پولیس کی موجودگی میں مظاہرین فلم بنانے والوں کا مسلسل مذاق اڑاتے رہے۔

تازہ ترین