• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کی پرامن جمہوری جدوجہد پر بھی پابندی ہے،ظفر خان

لوٹن(نمائندہ جنگ) بھارت کیساجمہوری ملک ہے کہ جہاں پر آزادی کے حصول کیلئے کشمیریوں کی پرامن جمہوری جدوجہد پر بھی پابندی ہے۔ان خیالات کا اظہار جے کے ایل ایف کے سفارتی شعبہ کے سربراہ ظفر خان نے جنگ سے بات چیت میں کیا۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کےروز تحریک مزاحمت کشمیر کے لیڈروں نے سری نگر اقوام متحدہ کے دفتر پر جا کر احتجاج کرنا تھا لیکن انہیں مسجد سے نکلتے ہی حراست میں لے کر نظر بند کر دیا گیا۔ تحریک آزادی کشمیر اس وقت پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری کو تمام فورموں پر انگیج کیا جائے۔ سیمینارز اور فورمز منعقد کرکے مسئلہ کشمیر پر سرگرمیوں کو مربوط کیا جائے۔مختلف سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فرنٹ ایک ایسا مکمل آزاد بااختیار خودمختار کشمیر چاہتا ہے جہاں جموں کشمیر کے تمام لوگوں جن میں مسلم اکثریت اورمختلف مذاہب سے متعلق غیر مسلم اقلیتیں شامل ہیں سب کے حقوق محفوظ ہوں لیکن بھارتی حکومت کی کوشش ہے کہ کشمیریوں کو مذہبی بنیادوںپر تقسیم کیا جائےلیکن بھارت کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد بنیادی طور پر آزادی کے حصول کے لیے ہے۔ اور تحریک مزاحمت کشمیر کا اس پر مکمل اتفاق ہے۔کشمیری پاکستان کے خیر خواہ ہیں اور پاکستان کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیںجبکہ پاکستان کو بھی عالمی برادری سے کشمیریوں کے غیر مشروط حق آزادی کی حمایت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین