• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی رواداری کو فروغ دیکر انتہاپسندوں کو ناکام بنانا ہوگا، لارڈ قربان

لوٹن(نمائندہ جنگ) لارڈ قربان حسین نےکہا ہے کہ برطانیہ کے خوبصورت اور ملٹی کلچرل معاشرے میں ہم سب کو مذہبی رواداری اور برداشت کو فروغ دیکرانتہا پسندوں کے عزائم کو ناکام بناناہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےکیا پاکستان مسلم لیگ ن تحریک آزاد کشمیر ونگ کے چیئرمین سید حسین شہید سرور کی جانب سےممبر آزاد کشمیر اسمبلی سید علی رضا بخاری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میںبات چیت کے دوران کیا۔

تقریب سےآزادکشمیر اسمبلی میں علماومشائخ سے متعلق ایم ایل اے پیر سید علی رضا بخاری، مئیر لوٹن کونسلر چوہدری محمد ایوب،سابق لاء سیکرٹری آزادکشمیر سید عطا محی الدین قادری، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، علامہ مسعود اختر ہزاروی، کونسلر راجہ وحید اکبر، کونسلر ریاض بٹ اور کونسلر طاہر ملک نے بھی اظہار خیال کیا ۔ دارالامراء کے پاکستان نژاد معزز رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ برطانیہ کی یہ خوبصورتی اور اس کا یہ حسن ہے کہ یہاں پر ہر شخص کو بلا رنگ ،نسل اور مذہب آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہیں۔

اور ہمیں چاہئےکہ رواداری پر مبنی اس ماحول کو ہر صورت برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ برطانیہ میں سیاست سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع کے باعث کمیونٹی ترقی کر رہی ہے۔مہمان خصوصی پیر سید علی رضا نے کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستان میں وہ اس امر کے لیے کوشاں ہیں کہ مذہبی رواداری اور برداشت کا ماحول تخلیق ہو اور بطورممبر اسمبلی وہ اقلیتوں کے حقوق کی بھی ہر سطح پر آواز بلند کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آزادکشمیر میں کسی بھی اقلیت کے ساتھ کوئی تعصب نہیں برتا جا رہااور وہاں مذہبی طور پر رواداری پر ماحول قائم ہے۔ پروگرام میں خطیب مرکزی جامع مسجد لوٹن حافظ اعجاز احمد، قائم مقام صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر برطانیہ چوہدری جہانگیر سماہنی، ن لیگ کے مسٹربیگ ، اکڈیمیک ڈاکٹر سید محمود شاہ بخاری، ڈاکٹر رضوان بٹ اور متعدد دیگر شریک تھے۔

تازہ ترین