• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کریم ہدایت کا سر چشمہ ہے، قاری صداقت علی شاہ

برسٹل (زاہد انور مرزا) جامع مسجد ایسٹن برسٹل میں ایک خوب صورت محفل حسن قرأت کا اہتمام کیا گیا جس میں مشہور قاری سید صداقت علی شاہ نے خوب صورت آواز میں آیات ربانی کی تلاوت کی۔ اس موقع پر نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا وہ مقدس کلام ہے جو اپنے پیغام، زبان، انداز بیان اور طریقہ استدلال کے اعتبار سے بے مثل ہے۔

اس کا پیغام انقلاب آفرین ہے۔ اس کی زبان اتنی دلکش اور فصیح ہے کہ اس کی نثر پر عمدہ شاعری صدجان سے نثار ہے اور اس کا اسلوب بیان اتنا حسین ہے کہ جمیع کائنات اس کی مثال پیش کرنے سے عاجز ہے۔ یہی وہ صحیفہ آسمانی ہے جو ہمہ قسم کے تغیر و تبدل کمی و زیادتی تحریف و تنقیص سے مبرا ہے اور جس نے اپنی بے نظیر فصاحت و بلاغت کی وجہ سے بڑے بڑے فصیح آللسان بلیغ اللسان شعرا و خطبا اور نثر نگاروں کو مقفل کردیا ہے۔ قرآن کریم ہی آئین اسلام اور ہدایت کا اہم سرچشمہ ہے اور ہمارے لیے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کو صحیح پڑھا جائے، کیونکہ قرآن مبین کو صحیح سمجھنا اس کے صحیح پڑھنے پر موقوف ہے۔

اس بارے میں قرآن و حدیث صحابہ کرام کے ارشاد و اعمال اس پر شاہد ہیں، لیکن افسوس جو بنیادی چیز ہے اس کی طرف کسی کی توجہ نہیں۔ اس موقع پر ملک وزیر اقبال، ملک خضر حیات، راجہ عارف خان اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین