• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن خیبر4 ، راجگان میں دہشت گردوں کے 2 مضبوط گڑھ کلیئر، فوج نے پہاڑی دروں کا کنٹرول سنبھال لیا

 راولپنڈی / کوئٹہ (نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) پاک فوج کا آپریشن خیبر4؍ پلان کے مطابق جاری ہے جس کے تحت سیکورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں دہشتگردوں کے 2؍ محفوظ گڑھ کلیئر کروالئے ، فوج نے پہاڑی دروں کا بھی کنٹرول سنبھال لیا اور سپن کئی ٹاپ، درہ سپرائی، ستار کلے بھی محفوظ کرالئے گئے جہاں سے دہشت گرد علاقہ چھوڑ کر بھاگ گئے جبکہ افغانستان سے داخل ہونے والے 2؍ دروں پر فوج کی عملداری قائم کرلی ہے ، ادھر اکاخیل میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔اہلکار بارودی مواد کی زد میں آئے ۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگ سیلہ میں لیویز اورپولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا جبکہ چاغی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2؍ لیویز اہلکار شہید ہوگئے جس کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کرلی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے آپریشن خیبر کے دوران پاک فوج نے خیبرایجنسی کی وادیٔ راجگال میں دہشتگردوں کے دو مضبوط گڑھ کلیئر کرلئے۔ فوج نے سپن کئی ٹاپ، درہ سپرائی اور درہ ستارکلے بھی محفوظ کرلیے ہیں۔ آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا میجرجنرل شاہین مظہرمحمودنے بتایاکہ دہشت گرد علاقہ چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک فوج نے افغانستان سے پاکستان داخل ہونیوالے ان دروں کاکنٹرول سنبھال لیا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کہ آرمی ایوی ایشن اور آرٹلری سے دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔  خیبرایجنسی کے علاقے اکاخیل میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی شین درنگ اکاخیل کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے نصب کردہ بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خاصہ دار فورس کا اہلکار ریاض شہید اور سپاہی ثاقب شدید زخمی ہوگیا۔زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے دو بڑے دروں پربھی پاکستانی حدود میں کنٹرول حاصل کرلیاگیا۔ ادھر آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگ سیلہ میں حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی جاوید نبی کھوسو نے برآمد گولہ بارود میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردوں نے اسلحہ اور گولہ بارود ضلع بھر میں تباہی پھیلانے کیلئے چھپا رکھا تھا۔

گولہ بارود میں 2؍ ریمورٹ کنٹرول بم 30؍ کلو بارود اور اینٹی کرافٹ اور ایس ایم جی گنز کے سیکڑوں راؤنڈز شامل ہیں۔  صباح نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور کے2 اہلکار شہید ہوگئے۔تحصیل دالبندین میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو دالبندین شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوارحملہ آورفائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ برطانوی ریڈیو کے مطابق ای میل پر بھیجے جانے والے ایک بیان کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

تازہ ترین