• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جےیوآئی، جمعیت اہلحدیث،جمعیت علما ءپاکستان ایم ایم اے بحالی پر متفق

لاہور (نمائندہ جنگ)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ، جمعیت علمائے اسلام (ف)  اورجمعیت علما پاکستان کے درمیان ایم ایم اے کی بحالی پر اصولی طورپر اتفاق ہوگیا ہے۔ملک کے دینی تشخص کو بچانے کے لیے سیکولر قوتوں کا ملکر مقابلہ کرنے کا عزم کیاگیاہے۔ جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر عبدالغفور حیدری اپنے وفد کے ہمراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکز106راوی روڈ پہنچے جہاں،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے اور مولانا علی محمد ابوترا ب کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

دونوں جماعتوں کے قائدین نے 2 گھنٹے کی ملاقات اور مشاورت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے مولانا عبدالغفور حیدری کی طرف سے دینی جماعتوں کے اتحاد کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ہم ملک میں دینی تشخص اور احیائے اسلام کی کوششوں کے تحت اس اتحاد کا ساتھ دیں گے ۔ وہ متحدہ مجلس عمل کی شکل میں ہو یا کسی اور نام پر، ہماری جدوجہد پہلے ہی ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے ہے تاہم اس کے لیے سرکردہ اور بڑی جماعتوں کی ترجیح قائم رہنی چاہیے ۔

شخصی اور چھوٹے گروپوں کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں اسکے لیے مشاورت ہوگی  ۔مولانا عبدالغفور حیدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیکولر بنانے کی کوشش ہورہی ہے ہم اسکے آگے بندباندھنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے یہاں کوئی اور نظام نہیں چلے گا ۔اس مقصد کے لیے ہم نے ایم ایم اے کی بحالی کوششوں کا آغاز کیا ہے ۔ میں جب مستونگ حملے میں معجزانہ طور پربچ گیا تو مجھے دوستوں نے کہا کہ اللہ تعالی آپ سے کوئی بڑا کام لینا چاہتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ دینی جماعتوں کے اتحاد کے لیے اللہ تعالی مجھ سے کام لینا چاہتا ہے۔ میں اس نیک مشن کے تحت دینی جماعتوں سے رابطے کررہا ہوں ۔

پروفیسر ساجد میر اور انکی جماعت پہلے بھی ایم ایم اے کا حصہ تھی اور اب بھی یہ ہمارا ساتھ دیں گے ،میں اس نیک مشن میں ساتھ دینے پر پروفیسر ساجد میر اور انکی جماعت کا ممنون ہوں ۔ بہت جلد قوم دینی جماعتوں کے اتحادکی خوشخبری سنے گی۔ مشترکہ اجلاس میں ،ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے ،مولانا علی محمد ابوتراب، حاجی عبدالرزاق، مولانا امجد خاں  ودیگر موجود تھے۔جبکہ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی سے  ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال،اور مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماوںمیں اتفاق پایا گیا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے نظام مصطفی کا نفاذ ضروری ہے۔ مذہبی سیاسی قوتیں جمہوریت اور جمہوری اداروں پر یقین رکھتی ہیں۔جس کے لئے انتخابی عمل ہی آئین پاکستان کی روح اور موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے کا واحد راستہ ہے۔

تازہ ترین