• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف 20 کڑور عوام کے دل میں بستے ہیں مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف20کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیں، مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے خلوص نیت کے سا تھ عوام کی خدمت کی ہے -جب پاکستان کی تقدیر بدلنے لگی تو ترقی کے دشمن تڑپ اٹھے، بیساکھیوں کے ذریعے ایوان اقتدار کے راستے ڈھونڈنے والوں کی خواہش کبھی پور ی نہیں ہوگی۔اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ باشعور عوام نے دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو ہر موقع پر مسترد کیا ہے کیونکہ عوام ترقی دشمن سیاست سے متنفر اور بیزار ہو چکے ہیں اور وہ صرف اور صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے اور عوام کی خدمت میں جو اطمینان اورسکون ملتاہے، اس کا اندازہ بے بنیاد الزام تراشیاں کرنے والے عناصر کبھی کر ہی نہیں سکتے۔ نیازی صاحب !کھیل کے میدان اور سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے اور آپ نے جھوٹ بول کر او ریوٹرن لے کر سیاست میں نام گنوایا ہے اور سیاست کے ذریعے عوام کی بے لوث خدمت کرناآپ کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہاکہ غریب قوم کے اربوں روپے بچانے والی قیادت پر بے بنیادا لزام تراشیاں کرنے والوں کو شرم آنی چا ہیے اوربے بنیاد الزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے تو مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔دھرنے، لاک ڈائون اور احتجاج کے ذریعے منصوبوں میں تاخیر کرنے والوں نے قوم سے بڑی زیادتی کی ہے اور پاکستان کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی - ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور با شعور عوام نے انہیں بار بار مسترد کیا ہے، اب یہ عناصر مایوسی کا شکار ہیں۔وزیراعلی نے کہاکہ احتجاج ان کا مقدر ہے، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اورمخالفین احتجاج کرتے رہیں، ہم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفرکو آگے بڑھاتے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر آئندہ الیکشن میں اپنی شکست کے ڈر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کو ایک بار پھرمسترد کردیں گے۔ عوام کی ترقی کے سفر میں اپنی منفی سیاست کا بند باندھنے والوں کو پچھتانا پڑے گا۔قوم ایسے سیاسی عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ شہبازشریف نے لاہور کے علاقے گوالمنڈی میں ہوائی فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ہے-وزیراعلی نے فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت فوری کارروائی کا حکم دیاہے او رانہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر کے فی الفور گرفتار کیاجائے-وزیراعلی نے کہاکہ قانون سب کے لئے برابر ہے اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی-شہباز شریف
تازہ ترین