• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری آئندہ ماہ متوقع ہے:سیکرٹری سکولز پنجاب

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری سکولز پنجاب ڈاکٹر اﷲ بخش نے کہا ہےکہ اپ گریڈیشن کے حوالے سے پی ایس ٹیکو گریڈ14، ای ایس ٹی کوگریڈ16،ایس ایس ٹی کو گریڈ 17دینے جبکہ گریڈ 14،16،17،18،19اور 20میں کام کرنے والے اساتذہ کو 2اضافی ترقیاں و دیگر مراعات پر مشتمل سمری مجاز اتھارٹی کوبھیج دی گئی ہے جس کی منظوری آئندہ ماہ متوقع ہے۔ انسروس پروموشن کیلئے ڈپٹی کمشنر کی بجائے سی ای او اور ڈویژنل ڈائریکٹرز کو ڈی پی سی کی ذمہ داری سونپی جائے گی جوہر ماہ ڈیپیسی کا انعقادکرنے کے پابند ہوں گے۔ میونسپل ٹیچرز کے مسائل 1ماہ میں حل کردئیے جائیں گے کیونکہ اس کا فیصلہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کر لیا گیا ہے اور اب اِن کو ہمارے دائرہ اختیار میں دے دیا گیا ہے۔ٹیچرز ٹریننگ میں تحصیل سطح پر اساتذہ کو ساز گار ماحول اور ٹی اے ڈی اےبھی دیا جائے گا۔کسی کو ملازمت سے برخاست نہیں کیا جائے گا۔فی الحال کسی سکول کو آوٹ سورس نہیں کیا جارہا ۔ہمیں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا۔4237سکولز جو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشنکو دئیے گئے تھے اگر ان کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ان کو واپس لئے لیا جائے گا۔لاہور کے 13سکولوں سمیت کوئی سکول دانش اتھارٹی کے حوالے نہیں کیا جارہا۔اساتذہ کو بلاجواز سزائیں دینے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ اس کیلئے ٹھوس پالیسی بنائی جارہی ہے جس میں ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گا۔ٹیچرز فائونڈیشن کو فعال کرنے کیلئے حکمت عملی طے کی جارہی ہے جس سے اساتذہ کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف ، قرض حسنہ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گے۔اساتذہ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی ۔اچھے نتائج پر انعامات و اعزازات دینے کا سلسلہ شروع کیا جارہاہے۔اساتذہ کی عزت و وقار کی بحالی میرا اولین مقصد ہے۔میری خواہش ہے کہ پرائمر ی و ایلیمنٹری اساتذہ کو گریڈ 17ملے۔2،3ماہ کے اندر اساتذہ کے مسائل حل کر دئیے جائیں گے۔احتجاج اساتذہ کا حق ہے لیکن مسائل و مطالبات کے حل کیلئے کچھ وقت کا انتظار کیا جائے ۔یہ بات انھوں نے پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کےمرکزی صدرچوہدری محمد سرفراز کی قیادت میں ایک وفد سے کی ۔اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری محمد اختر ،ڈی پی آئی پنجاب سید ممتاز شاہ ، مشتاق سیال، آصف مجیداودیگر افسران موجود تھے۔دریں اثناء اساتذہ نے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھےگی۔اگر مسائل کے حل اور مطالبات پر 15اگست تک ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے تو احتجاجی شیڈول کے مطابق 24اگست کو ضلعی سطح پر مظاہرے اور 16ستمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔
تازہ ترین