• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمسٹ برادری کا چیمبر آف سمال ٹریڈرز کا دورہ

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی زاہد شاہ کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے وفد نے پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جس میں مرکزی تنظیم تاجران کے صوبائی صدر حاجی مہر الہٰی‘ چیمبر کے صدر حاجی شکیل احمد اور سابق صدر احتشام حلیم سے ملاقات کی اور ڈرگ ایکٹ سے متعلق قانون سازی میں کیمسٹ برادری کا ساتھ دینے پر تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔20رکنی وفد میں صدر نمک منڈی آفتاب عالم خان، جنرل سیکرٹری بشیر احمد،جائنٹ سیکرٹری پی سی ڈی اے ڈسٹرکٹ پشاور عبدالرئوف، صدر منصور مارکیٹ ارباب ریاض،فہیم، وارث، ارباب امتیاز اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر حاجی مہر الہٰی نے کہا کہ کیمسٹ برادری کا مسئلہ چونکہ اب حل ہونے کے قریب ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اور سیکرٹری ہیلتھ عابد مجید کیمسٹ برادری کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ کرینگے اور خیبر پختونخوا میں اس کاروبار سے منسلک لاکھوں خاندانوں کو چند مٹھی بھر مفاد پرستوں کی خاطر بے روزگار نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ تاجر ہر فورم پر کیمسٹ برادری کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے ان کے شانہ بشانہ ہر رکاوٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور جب تک انصاف فراہم نہیں ہو گا تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تازہ ترین