• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی بقاء اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے‘ مولانا پیر زبیر

پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے زیر اہتمام ورسک روڈ پشاور میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماع میں جے یو آئی نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا پیر محمد زبیر الباری نقشبندی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم نے دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو اس موجود ہ نظام کو بدلنا ہو گا، عدل وانصاف اور مساوی حقوق دینے کیلئے مملکت پاکستان میں اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہو گا، اسی میں پاکستان کی بقاء وکامیابی ہے، یہی ہماری منزل ہے ، اس منزل کو پانے کیلئے ہمیں مخلصانہ جدوجہد کرنا ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر سیاسی میدان میں قوم کو مسلسل دھوکہ دینے والوں کا سدباب کرنا ہو گا، ان کے غلط کو غلط کہنے کی ہمت کرنا ہو گی، مخلص علماء حق کو اب میدان عمل میں نکلنا ہو گا، خاموش بیٹھے رہنا دین، ملک اور قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے، انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس بالکل سیدھا سادھا کیس ہے ،صحیح اور غلط صاف اور واضح ہے، جے ٹی آئی کی تحقیق وتفتیش نے اس کیس کے حقائق کو مزید واضح اور آشکارہ کر دیا ہے، اب اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں رہا ، مگر افسوس ہر حکومت کے درباری مولانا فضل الرحمن اور چند دیگر حکومتی اتحادی سیاستدان اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے انتہائی دلیری کے ساتھ پانامہ کیس کو الجھانے اور مشکوک بنانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ،تاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ احتساب کا یہ جاری سلسلہ آگے نہ بڑھنے پائے، کیونکہ یہ کرپٹ سیاستدان جانتے ہیں کہ احتساب کے اس سلسلے کو اگر نہ روکا گیا ،تو کل ان کی گردن بھی احتساب کے پھندے میں ضرور آئیگی ۔
تازہ ترین