• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں سیکورٹی کیمرے نصب کردیئے،اسرائیل آگ سے کھیل رہاہے، عرب لیگ

مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز) اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے داخلی راستوں پر نئے سیکورٹی کیمرے نصب کردیے، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ میٹل ڈیٹکٹرز کے متبادل پر غور کررہے ہیں، فلسطینی شہری امور کے لئے اسرائیلی دفاعی باڈی کے سربراہ میجر جنرل یواف مردخائی کا کہنا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کیلئے متبادل کے لئے تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی دوسرے حملے سے بچنے کیلئے یہ تدابیر اختیار کررہے ہیں، دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس کے مفتی اعطم شیخ محمد حسین نے وائس آف فلسطین کو بتایا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ مسجد اقصیٰ کے قریب پہلے حملے سے قبل کا طریقہ کار دوبارہ بحال کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ وہ الیکٹرانک گیٹس اور قبضہ کرنے کے تمام اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کا کہنا ہے کہ بیت المقدس سُرخ لائن ہے، اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے اور وہ اپنی پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے خطے کوانتہائی خطرناک صورتحال میں دھکیل رہا ہے،اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات نہ صرف فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ یقینی طور پر پوری دنیا میں ہر عرب اور مسلمان کے جذبات کو مشتعل کر رہے ہیں، بیت المقدس سرخ لائن ہے لہذا عرب اور مسلمان اس کے ضرر کو ہر گز قبول نہیں کریں گے، ابو الغیط کے مطابق اسرائیل مسجد اقصی کے حرم قدسی میں داخلے کے لیے اپنے سکیورٹی اقدامات مسلط کر کے عرب اور اسلامی دنیا کے ساتھ بہت بڑا اور سنگین بحران بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے، دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی کی روک تھام پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس پیر کے روز طلب کیا گیا ہے،العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے ہفتے کے روز بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس سویڈن، فرانس اور مصر کے مطالبے پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی پابندیوں پر غور کیا جائے گا، ادھر مشرق وسطی سے متعلق چار فریقی بین الاقوامی کمیٹی (امریکا ، روس ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ) نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی صورت حال سے متعلقہ تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جذبات کو انتہائی حد تک قابو میں رکھیں، ساتھ ہی کمیٹی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس کی صورت حال کو دوبارہ سے اپنی پرانی وضع پر لے کر آئے، دریں اثناء بیت المقدس کے قریب جاری مظاہروں اور جھڑپوں کے دوران مزید دو فلسطینی شہیدہو گئے ہیں، ہفتے کے روز اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا، جب اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی حملہ آور کے گھر کو بند کردیا، اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان اس تازہ کشیدگی کی وجہ بیت المقدس جانے والے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات اور مسلمانوں کی مسجد الاقصیٰ تک رسائی کو محدود کر دینا ہے۔

تازہ ترین