• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،مشتعل افرادکا عملے پر حملہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں متعدد تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا،مشتعل افراد نے بلدیاتی انتظامیہ پر حملہ کر دیا،تفصیلات کے مطابق آپریشن تمام مشینی و افرادی قوت کی مدد سے کیا گیا جس میں تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دکانوں کے باہر کی اضافی جگہ کو مسمار کرکے روڈ کو کلیئر کیا گیاجبکہ دکانوں کے باہر نکلے ہوئے شیلٹرز اور غیر قانونی تعمیرات بھی توڑدی گئیں اس موقع پرتمام متعلقہ اداروں کے حکام اور پولیس و رینجرز موجود تھی، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ زاہد بن خلیل نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کےحکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی ہدایت کے تحت تمام دکانداروں کو تحریری طور پر باور کرانے کے بعد آپریشن کیا گیا ہے جسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھ کر تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے بعد دوبارہ سے انکروچرز  جگہ گھیر کر نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کی  بلکہ پیدل چلنے والوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر بھی خراب کر رہے ہیں  ، علاوہ ازیں انہوں نے تمام دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ ایک دن کے اندر اندر تمام تجاوزات کا از خود خاتمہ کردیں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلدیاتی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ، اس موقع پر مشتعل افراد نے بلدیاتی انتظامیہ پر حملہ کیا تاہم پولیس و رینجرز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا ۔

تازہ ترین