• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ریجن ڈرافٹنگ کے مجوزہ سسٹم کو مستردکرتا ہے،جمیل احمد

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد نے کہا ہے کہ کراچی ریجن ڈرافٹنگ کے مجوزہ سسٹم کو یکسر مستردکرتا ہے، کیونکہ ہم پہلے ہی کراچی ریجن کی ایک ٹیم کرنے پراپنا احتجاج ریکارڈ کرا چکے ہیں۔سلیکشن کا پرانا سسٹم بحال کیا جائے ورنہ کراچی اپنا احتجاج ہر فورم پر ریکارڈ کرائینگے۔پیر کو ایک بیان میں جمیل احمد نے کہا کہ قائد اعظم ٹرافی میں بارہ کھلاڑی بذریعہ ڈرافٹنگ منتخب ہونگے جو کہ انتہائی غیر منصفا نہ فیصلہ ہوگا جس سے کراچی جیسے بڑے شہر کے اہل کھلاڑی کی حق تلفی ہوگی۔

کیونکہ کراچی ریجن کی آبادی ڈھائی کروڑ سے ذیادہ ہے اور یہاں 250 سے زائد کلبز باقاعدگی سے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔کراچی ریجن ایشیاء کی بڑی کرکٹ نرسریز میں سے ایک ہے۔ ڈرافٹنگ کا جو سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے وہ غیر منصفانہ ہے اور کراچی ریجن کی تباہی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے پہلا مطالبہ تو یہ ہے کہ کراچی ریجن کی دو مستقل ٹیمیں ہونی چاہئیں۔اسکا ثبوت یہ ہے کہ پنڈی کے ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ میں کراچی کی دونوں ٹیموں نے فائنل تک رسائی حاصل کی، پی سی بی نے نیشنل ون ڈے کپ2016-17 منعقد کیا تو اس کے فائنل میں کراچی بلیوز نے جگہ بنائی۔

کراچی ریجن کی انڈر 16ٹیم مسلسل تین سال سے چیمپئن ہے۔جبکہ اسہی ریجن کی انڈر 19ٹیم دو سال سے چیمپئن ہے۔گذشتہ قائداعظم ٹرافی میں سپر آٹھ مرحلے میں واحدکراچی ریجن تھا جس نے رسائی حاصل کی باقی سات ٹیمیں ڈپارٹمنٹس کی تھیں۔ جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ کو کسی ایک شخص کی اجارہ داری کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔اگر پی سی بی گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں نئے ڈومیسٹک فارمیٹ کی منظوری دیدی گئی تو پاکستان میں ریجنز کی حیثیت نہ ہونے کے برابر ہوگی۔ 

تازہ ترین