• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخرزمان اور بابراعظم نے کیریبین لیگ کیلئے این او سی مانگ لیا

Todays Print

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف پورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مزید دو کھلاڑیوں فخر زمان اور بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز میں ہونے والی کیریبین لیگ میں شرکت کے لئے بورڈ سے این او سی مانگ لی ہے۔جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں قومی کیمپ لگانے کی تجویز مسترد کردی ہے۔جبکہ ہائی پر فارمنس کیمپ کو مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کاکول میں بو ٹ کیمپ پہلے ہی ختم کردیا گیا ہے۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان اور بابر اعظم کی شمولیت کے بعد پاکستان ٹیم کے تیرہ کھلاڑی انگلینڈ میں کاونٹی کرکٹ اور ویسٹ انڈیز میں کیر یبین لیگ میں مصروف ہوں گے اس لئے نئے کیمپ کو نہ لگانے کی تجویز پر اتفاق ہوا ہے۔ہائی پر فارمنس کیمپ کو جاری رکھا جائے گا۔مکی آرتھر اور غیر ملکی کوچز پاکستانی کوچز کے ساتھ میٹنگ کرکے ہائی پر فارمنس کیمپ کے بارے میں حکمت عملی بنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد جو کھلاڑی بیرون ملک نہیں ہیں انہیں بھی ہائی پر فارمنس کیمپ میں مدعو کرکے ٹریننگ کرائی جائے گی۔فارغ پاکستانی کرکٹرز کو فورا کیمپ میں بلایا جارہا ہے۔تاکہ مسلسل آرام سے یہ کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار نہ ہوجائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پر فارمنس کیمپ بیس اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔اس کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔تاہم کرکٹ سری لنکا نے ابھی تک سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔مکی آرتھر نے پیر کو ہارون رشید،انضمام الحق اور مدثر نذر کے ساتھ میٹنگ میں ہائی پر فارمنس کیمپ کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز پر بات کی۔

تازہ ترین