• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی دنیا میںپاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے،چوہدری رخسار احمد

مانچسٹر( غلام مصطفیٰ مغل) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ مغربی دنیا میں گزشتہ چند برس کے دوران پاکستان کی ساکھ بہت بہتر ہوئی ہے، اس وقت پاکستان ایک محفوظ ملک ہے،اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اس کا سہرا پاک افواج اور حکومت پاکستان کو جاتا ہے۔ چوہدری رخسار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے ہماری حکومت اور پاکستانی عوام کوشاں ہے۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہئے اور وہ دن دور نہیں کہ جب ہمارے کشمیری بھائی پاکستان کا حصہ ہوں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے معروف بزنس مین چوہدری محمد زمان آف دھنی کی جانب سے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ پاکستان جس انداز سے ترقی کررہا ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد اوورسیز پاکستانی واپس جاکر اپنے ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹائیں گے۔ اس موقع پر سابق ناظم ضلع جہلم چوہدری محمد زمرد یعقوب، چوہدری خالق دتیوال ، چوہدری محمد نواز دلو، چوہدری مختار احمد، چوہدری اشفاق احمد، چوہدری محمد انور کھاریاں، چوہدری ساجد ملک اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ چوہدری خالق دیتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں موقع ملا ہے کہ چوہدری رخسار اور چوہدری محمد زمرد یعقوب کو بتایا جائے کہ اوورسیز پاکستانی جب پاکستان جاتے ہیں تو ان کے ساتھ ائر پورٹس پر ناروا سلوک اور ان کی زمینوں پر ناجائز قبضہ اور اغوا برائے تاوان جیسے مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔

چوہدری خالق نے کہا کہ ہماری حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سننے سے قاصر ہے، انہوں نے مہمانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہمارے حقوق دیئے جائیں اور ہمیں پاکستان میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے اور ہمارے ساتھ کم از کم ائر پورٹ پر عزت سے پیش آیا جائے۔ اس موقع پر چوہدری زمرد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کے لئے پاکستان بہت سوچتا ہے اور حکومت کی اہم ترجیح ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے لئے فوری حل کو یقینی بنایاجائے اس حکومت نے پہلی دفعہ بیرون ممالک سے تین نمائندوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مقرر کیا ہے جن میں زبیر گل، بیرسٹر امجد ملک ، افغان بھٹی شامل ہیں۔ سٹیج سیکرٹری چوہدری ساجد علی نے ادا کیے اور آخر میں چوہدری محمد زمان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے لئے ہماری جان آن سب کچھ قربان ہے اور پاکستان کمیونٹی کے اندر بہت سی صلاحیت موجود ہے، چیلنجز کے باوجود لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے کنٹری بیوشن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین