• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت ذمہ داری پوری کرے، چوہدری سعید

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)فرینڈز آف ضلع کوٹلی اور کمیٹی تحفظ حقوق ضلع کوٹلی کا مشترکہ اجلاس وٹفورڈ میں ہوا۔ دوران اجلاس ضلع کوٹلی وآزاد کشمیر کے بنیادی مسائل کو زیربحث لایا گیا۔ فرینڈز آف ضلع کوٹلی آزاد کے صدر چوہدری محمد سعید نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی ضلع کوٹلی میں عوام کے بنیادی مسائل کیطرف توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلع کوٹلی کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ضلع کوٹلی میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی سمیت ادارے تعمیروترقی اور زیرتعمیر پراجیکٹ کی تعمیرمیں تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں۔

چوہدری محمد سعید نے کہا تھیلہ ریسیاں پھگواڑی دریائے پونچھ کیساتھ جانے والی روڈ کی تباہی کے ذمہ دار یہ ادارے ہیں۔ انہوں نےروڈ کے تحفظ کیلئے کوئی سائیڈ دیواربندی نہیں کی اور نہ ہی متاثرہ جگہ پر درخت لگائے آج بھی ساردہ کی بلند لینڈسلائیڈنگ کے باعث بڑے بڑے پتھر گر رہے ہیں۔ اس سے قبل ان پتھروں کے گرنے کے باعث موضع ریسیاں پھگواڑی جانے والی وین حادثے کا شکار ہوئی نتیجتاً دو نوجوان جاںبحق ہوگئے۔ مگر مقامی انتظامیہ نے روڈ کے تحفظ کے حوالے سے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے۔

مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت عوام کی سہولت کیلئے روڈ پختہ کرنے کیلئے فنڈز جمع کئے۔ مسافروں کے آنے جانے کیلئے روڈ کی حالت کو بہتر بنایا۔ ہمارا وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ ہے کہ وہ اس روڈ کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے توجہ دیں۔ کمیٹی تحفظ حقوق ضلع کوٹلی کے سربراہ پروفسیر لیاقت علی خان نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی توجہ ضلع کوٹلی میں دندلی تاپنگ پیراں، رولی جانے والی قدیم نہر کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ ساردہ ضلع کوٹلی کے مقام سے بہت بڑی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث نہر کا پانی گزشتہ تین سال سے بند ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر صاحب کو بذریعہ درخواست نہر کی بحالی اور روٹ تبدیل کرنے کی درخواست دی۔

مگر تاحال اس درخواست پر کیا کارروائی ہوئی کچھ خبر نہیں۔ مگر متعلقہ ادارے نے آج تک ہماری درخواست کا جواب نہیں دیا۔پروفیسر لیاقت علی خان نے کہا اوورسیز کشمیری مطالبہ کرتے ہیں کہ نہر کے پانی کی بحالی اور ساردہ ٹنل کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ہر طرح کی سہولت مل سکے۔ حکومت قوم کا پیسہ قوم کے مفاد میں استعمال کرے۔

نیز چوہدری محمد شاہپال، شفقت اقبال، چوہدری محمد رفیق، محمد سلیم بھٹی، راجہ ذوالکفل نوابی، ظہیر الدین، ریاست بھٹی اور دیگر رہنمائوں نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے پرزور مطالبہ کیا ہے ضلع میرپور آزادکشمیر میں انٹرنیشنل ائرپورٹ تعمیر کیا جائے جوکہ اوورسیز کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔

تازہ ترین